ڈہرکی، سندھ: پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی شانِ مصطفیٰ ﷺ اور اتحادِ امت کانفرنس میں خصوصی شرکت و خطاب
پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی تحریک منہاج القرآن ڈہرکی کے زیرِ اہتمام منعقدہ شانِ مصطفیٰ ﷺ اور اتحادِ امت کانفرنس میں خصوصی شرکت و خطاب
سیرتِ مصطفیٰ ﷺ امت کے لیے کامل نمونہ ہے، جس میں اتحاد، محبت، اخوت اور بھائی چارے کا درس ملتا ہے۔ نبی کریم ﷺ نے مدینہ کی ریاست میں مواخاتِ مدینہ قائم کرکے عملی طور پر امت کو اتحاد اور یکجہتی کی تعلیم دی۔ آپ ﷺ کی سیرت ہمیں سکھاتی ہے کہ رنگ، نسل، زبان اور علاقے کی تفریق سے بالاتر ہوکر صرف ایمان اور محبت رسول ﷺ کی بنیاد پر امت کو جوڑا جائے۔ آپ ﷺ نے حجۃ الوداع کے موقع پر ارشاد فرمایا: "تمام مسلمان آپس میں بھائی بھائی ہیں"، جو اتحادِ امت کی سب سے بڑی بنیاد ہے۔
صوفیاء، بزرگان دین، اہل اللہ اور مختلف سلاسل کے نمائندگان پوری اُمت میں اپنے اپنے بزرگوں کے سلاسل، ان کی تعلیمات کو عام کرتے ہوئے دین کی خدمت عام کررہے ہیں، ان کی درگاہوں سے اللہ اور اس کے رسولﷺ کے ہی حکم کے مطابق تعلیمات کو فروغ دیا جاتا ہے۔
شانِ رسالت اور شانِ مصطفیٰ ﷺ یہ ہے کہ ذکرِ اہل بیت، ذکرِ صحابہ، ذکرِ اولیاء، تعلیمات و فکر قرآن، اور توحید کا درس یہ ہر موضوع رسول اللہ ﷺ کی گلی سے ہوکر گزرتا ہے۔ شانِ رسالت سے اتحادِ امت کا یہ سبق ملتا ہے کہ اہل بیت اطہار سے محبت کرو، تعظیمِ صحابہ کرو، اولیاء سے نسبت قائم کرو، قرآن سے سیکھو اور اسے اپنی زندگی کا زیور بناؤ، توحید کا درس سیکھو اور زندگی اس نہج پر گزارو، کیونکہ یہ تمام اعمال رسول اللہ ﷺ نے ہمیں عطا کیے ہیں۔ اگر ہم یہ تمام سبق بذریعہ مصطفیٰ ﷺ سمجھ لیں تو اتحادِ امت خود ہی قائم ہوجائے گا۔
ہر رشتے کو اس نظر سے دیکھیں جو محبتِ رسول ﷺ کی ہو، چاہے وہ صحابہ ہوں، اہل بیت ہوں، اولیاء ہوں یا قرآن و توحید ہو۔ جب ہم آقا علیہ السلام کی غلامی کی نظر سے دیکھیں گے تو یہ سب رشتے بھلے نظر آئیں گے اور امت ایک ہی صف میں کھڑی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے اپنے آپ کو اجلا کریں، خود کو ستھرا کرلیں، کسی کے لیے برا نہ سوچیں، کسی کو گالی نہ دیں، محبتیں بانٹیں، نرمی اور شفقت کا پیکر بنیں، صفائے قلب ہو، اور جسم سر تا پا دین میں ڈوباہو، اخلاق، ظاہر، باطن، عادات، کام اور دین کی خدمت ہر شے آقا علیہ السلام کے اخلاق میں رنگی جائے۔ صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل نے کانفرنس کے شاندار انعقاد پر جملہ منتظمین کو مبارکباد دی۔
تقریب میں تحریک منہاج القرآن صوبہ سندھ کے نائب ناظم اعلیٰ مظہر محمود علوی، صدر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن سندھ سیف اللہ خان بھنگر ایڈووکیٹ، جام عبدالفتاح سموجو، ایڈووکیٹ سلیم اختر ملک، میاں عبدالحق معروف میاں مٹھو، سید توفیق احمد شاہ، صاحبزادہ سید عاشق رسول شاہ، میاں صفدر انڈیرو، میاں عابد، سید رب العلی شاہ، عبدالحکیم، حافظ رفیق، فقیر عبدالرشید، حاجی عبدالرزاق ارائیں، انعام اللہ نیازی، سمیع اللہ سریانی، زاہد علی شاہ سمیت مختلف مکاتب فکر کے علما و مشائخ اور تحریک منہاج القرآن کے جملہ فورمز کے قائدین و کارکنان شریک ہوئے۔
تبصرہ