شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا چودھری ظفر اقبال ککرالی کے انتقال پر اظہار افسوس
لاہور(17 مارچ 2025) تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرستِ اعلیٰ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے منہاج القرآن انٹرنیشنل فرانس کی مجلس شوریٰ کے سرپرست، سینئر رہنما چودھری ظفر اقبال ککرالی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی بخشش، مغفرت اور درجات کی بلندی کے لیے دعا کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چودھری ظفر اقبال ککرالی منہاج القرآن کے ایک مخلص، وفادار اور نظریاتی رہنما تھے، جنہوں نے تحریک کے لیے گراں قدر خدمات سرانجام دیں۔ ان کا وصال تحریک منہاج القرآن کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔
چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے گجرات میں مرحوم کی نماز جنازہ پڑھائی، جس میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کے مرکزی قائدین، کارکنان اور مرحوم کے عزیز و اقارب نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ان کے صبر جمیل کے لیے دعا کی۔
نماز جنازہ میں انجینئر محمد رفیق نجم، راجہ زاہد محمود، محمد اقبال مصطفوی، شکیل احمد طاہر، خرم شہزاد، قاضی فیض الاسلام، ڈاکٹر سید محمد ہارون بخاری، چودھری محمد اکرم، چودھری امجد اقبال، حاجی محمد زمان مغل، علی عثمان سمیت تحریک منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک کےدیگر رہنمائوں نے شرکت کی۔
صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے بھی چودھری ظفر اقبال ککرالی کے انتقال پر دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک باوقار، مخلص اور متحرک شخصیت تھے، جن کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے مرحوم کے بلند درجات اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
تبصرہ