منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کا اجلاس

منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کا اجلاس چیئرمین سپریم کونسل پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، ڈاکٹر غزالہ قادری، خرم نواز گنڈاپور، علامہ رانا محمد ادریس، فیصل حسین مشہدی، عبدالرحمٰن ملک، ڈاکٹر شاہدہ نعمانی، میاں مرتضیٰ مرتضائی، بریگیڈیئر(ر) عمر حیات، ڈاکٹر محمد فاروق رانا، سید علی عباس بخاری، بلال اپل، قاضی زاہد حسین، ڈاکٹر مایا ناز، علی عمران، نوراللہ صدیقی نے شرکت کی۔
اجلاس میں ویژن 2035ء کے اہداف اور مجوزہ ڈرافٹ پر غور و خوض کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ وسیع تر مشاورت کے بعد حتمی مسودہ منظوری کے لئے شیخ الاسلام دامت برکاتہم العالیہ کو بھجوایا جائے گا، اجلاس میں منہاج القرآن کے مختلف شعبہ جات، تنظیمات اور فورمز کی دس سالہ کارکردگی پر ایک ڈاکومنٹری دکھائی گئی، اس کے علاوہ مدینۃ الزہرہ کے تعمیراتی پروجیکٹ کے حوالے سے بھی ایک ڈاکومنٹری کے ذریعے ممبران سپریم کونسل کو بریفنگ دی گئی۔ عبدالستار منہاجین نے سوشل میڈیا مہمات کے بارے میں کونسل کو بریفنگ دی۔
منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے منیجنگ ڈائریکٹر فیصل حسین مشہدی نے مختلف فلاحی منصوبہ جات کے بارے میں تفصیل کے ساتھ کونسل کو آگاہ کیا، سپریم کونسل کی طرف سے حالیہ سیلاب کے دوران شاندار انسانی خدمت انجام دینے پر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے جملہ منتظمین اور رضا کاران کو مبارکباد۔ سپریم کونسل نے ڈی آئی خان میں ایک اور یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھے جانے پر پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کو مبارکباد دی۔
اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین سپریم کونسل نے کہا کہ شیخ الاسلام کا حکم ہے کہ داعی و داعیہ کی تیاری کے لئے ایک جامع نصاب تیار کیا جائے اور اس ضمن میں ڈاکٹر محمد فاروق رانا کی سربراہی میں قائم کمیٹی کو نصاب تیار کرنے کی ہدایت جاری کی گئی۔
نوراللہ صدیقی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بین الاقوامی پیس سرگرمیوں کو ہائی لائٹ کرنے کے لئے ایک الگ سے ویب سائٹ بنا لی گئی ہے، اس کے علاوہ ایک نیا صدائے نعت کے نام سے یوٹیوب چینل بھی بنا لیا گیا ہے، انہوں نے روزنامہ تحریک کی اردو، انگریزی ویب سائٹ اور فعال سوشل پیجز کے بارے میں بھی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ بہت جلد سماعت سے محروم افراد کی تعلیم و تربیت کے لئے سائن لینگوئج کے ساتھ حضور شیخ الاسلام کے ویڈیو کلپس تیار کئے جائیں گے۔
اجلاس میں اعتکاف 2026ء کے حوالے سے بھی غور و خوض کیا گیا اور معتکفین کے زیادہ سے زیادہ آرام اور انہیں سہولیات فراہم کرنے کے لئے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور کو ضروری اقدامات کی ہدایت کی گئی۔ پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے بتایا کراچی، سیالکوٹ، جہلم کی طرز پر لاہور روڑہ بوگن میں آغوش کیئر ہوم بنائے گئے ہیں۔ لاہور میں یہ دوسرا آغوش آرفن کیئر ہوم ہے۔
سپریم کونسل کے اجلاس میں ممبران کو بتایا گیا کہ الہدایہ 2026ء کے تربیتی کیمپ کینیڈا، ملائیشیا اور سڈنی میں ہوں گے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ الہدایہ تربیتی کیمپس کے انعقاد سے نوجوان نسل کی اسلامی نہج پر اخلاق و کردارسازی میں مدد مل رہی ہے اور مغربی دنیا میں آباد مسلم فیملیز میں الہدایہ کیمپس بے حد مقبول ہیں۔
شیخ الاسلام کی نئی کتب کی اشاعت، کتب کی تقسیم اور قابل فخر تنظیمی خدمات انجام دینے پر منہاج ایشین کونسل اور منہاج گلف کونسل کو خصوصی طور پر مبارکباد دی گئی۔ اُمت کو علوم القرآن، علوم الحدیث، عقائد و اخلاق و کردار کی اصلاح کے موضوعات پر شاندار کتب کا تحفہ دینے پر شیخ الاسلام دامت برکاتہم العالیہ کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
اجلاس میں طے پایا کہ سال 2026ء میں مطالعہ کتب کے کلچر کے احیاء کے لئے ضلعی سطح پر بک فیئرز کا انعقاد کیا جائے گا۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے یوم پیدائش کے موقع پر منعقدہ قائد ڈے کی تقریبات کے آغاز سے ان بک فیئرز کا آغاز ہو گا۔














تبصرہ