شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا منہاج یونیورسٹی لاہور کے کانووکیشن 2025 سے خطاب
طلبہ اپنے اخلاق اور سیرت و کردار سے دوسروں کے لیے آسانیوں کا ذریعہ بنیں اور عملی زندگی میں رہنمائی کریں: شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

منہاج یونیورسٹی لاہور کے کانووکیشن 2025ء میں 1562 طلباء و طالبات کو ڈگریوں سے نوازا گیا۔ کانووکیشن کے مہمانِ خصوصی گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر، منہاج یونیورسٹی لاہور کے بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین، منہاج القرآن انٹرنیشنل کے بانی و سرپرستِ اعلیٰ شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری، ڈپٹی چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، صدر منہاج القرآن ویمن لیگ انٹرنیشنل ڈاکٹر غزالہ قادری، ناظمِ اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل خرم نواز گنڈاپور، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد اور رجسٹرار ڈاکٹر خرم شہزاد نے شرکت و خطاب کیا اور ڈگری پروگرامز مکمل کرنے والے طلباء و طالبات کو مبارکباد دی۔
شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کانووکیشن میں ویڈیو لنک کے ذریعے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی ڈگری صرف عملی زندگی میں داخل ہونے کا ایک ذریعہ ہے، گریجویٹ ہونے والے طلباء صرف ڈگری ہولڈر نہ بنیں بلکہ کریکٹر ہولڈر بنیں، اصل مقصد انسان کی شخصیت، اخلاق اور کردار کی تکمیل ہے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنے اعلیٰ اخلاق، روشن سیرت اور مضبوط کردار کے ذریعے دوسروں کے لیے آسانیاں پیدا کریں اور معاشرے میں مثبت تبدیلی لائیں۔
شیخ الاسلام نے مزید کہا کہ نوجوان طلبہ اپنی شخصیت کا محاسبہ کریں، اپنی خوبیوں اور خامیوں کا جائزہ لیں۔ ہر کامیابی کی بنیاد خود شناسی، مسلسل سیکھنے اور خدمتِ خلق کے جذبے میں مضمر ہے۔
کانووکیشن تقریب میں مجموعی طور پر 1562 فارغ التحصیل طلباء و طالبات کو ڈگریوں سے نوازا گیا۔ 68 طلبہ کو گولڈ میڈل، 95 کو رول آف آنرز، 70 طلبہ کو میرٹ سرٹیفکیٹس جبکہ 41 طلبہ کو پی ایچ ڈی کی ڈگریاں عطا کی گئیں۔ علاوہ ازیں بے مثال تعلیمی کارکردگی پر منہاج یونیورسٹی کے مختلف تعلیمی شعبہ جات کے 13 طلبہ کو ایوارڈز اور ایک لاکھ روپے فی کس انعام دیا گیا۔
کانووکیشن میں وائس چانسلر یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز ڈاکٹر محمد یونس، بیرسٹر عامر حسن، کنٹرولر امتحانات منہاج یونیورسٹی محمد عبداللہ، ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن سید امجد علی شاہ اور سہیل احمد رضا، شہزاد رسول سمیت منہاج یونیورسٹی کے ڈینز، ایچ او ڈیز اور فارغ التحصیل طلبہ کے والدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔






























تبصرہ