تعلیم یافتہ نوجوان ہی ملک کا روشن مستقبل ہیں:کرنل(ر) مبشر اقبال

طلبہ دیانتداری، اخلاق، برداشت اور خدمت خلق کو اپنا شعار بنائیں: ڈائریکٹر آغوش کمپلیکس
آغوش آرفن کیئر ہوم سےفارغ التحصیل طلبہ کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب

aghoush-orphan-care-home graduation party

لاہور (29دسمبر2025) ڈائریکٹر آغوش کمپلیکس کرنل(ر) مبشر اقبال نے کہا ہے کہ تعلیم یافتہ، باکردار اور باصلاحیت نوجوان ہی قوم و ملک کا روشن مستقبل ہیں۔ آغوش آرفن کیئر ہوم کا بنیادی مقصد مستحق بچوں کو رہائش فراہم کرنا نہیں بلکہ انہیں باوقار، خود دار اور ذمہ شہری کے طور پر معاشرے میں باعزت مقام دلانا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آغوش آرفن کیئر ہوم سے فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ہیڈ وارڈن رانا عبدالباسط، سینیئر گریجویٹ جنید مصطفیٰ، صیاب بیگ، محمد اعظم، محمد یوسف سمیت اساتذہ انتظامیہ اور طلبہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔ کرنل(ر) مبشر اقبال نے کہاکہ آغوش کے طلبہ نے محنت، لگن اور عزم کے ساتھ تعلیم حاصل کی اور آج وہ عملی زندگی میں قدم رکھ چکے ہیں جو آغوش کے تعلیمی و تربیتی نظام کی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ دیانتداری، اخلاق، برداشت اور خدمت خلق کو اپنا شعار بنائیں اور ملک و قوم کی ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ انہوں نے فارغ التحصیل طلبہ سے کہا کہ آغوش کا ادارہ مستقبل میں بھی ان کی رہنمائی اور تعاون جاری رکھے گا۔ آغوش آرفن کیئر ہوم کے مختلف بیچز کے فارغ التحصیل طلباء کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے رانا عبد الباسط نے کہاکہ آپ فارغ التحصیل طلباء آغوش فیملی کا حصہ ہیں، اس لیے ہمیشہ آغوش کے ساتھ جڑے رہیں۔

تقریب میں شریک تمام سینیئر فارغ التحصیل طلباء نے خوشگوار ماحول میں اپنی پرانی یادیں تازہ کیں اوراپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آغوش آرفن کیئر ہوم کی انتظامیہ، اساتذہ اور ڈائریکٹر کرنل(ر) مبشر اقبال کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ طلبہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ آغوش سے حاصل کی گئی تعلیم و تربیت کو ملک و قوم کی خدمت کےلئے برئوے کار لائیں گے۔ تقریب میں مظہر اقبال سعیدی کو عمرہ کی سعادت حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی گئی، جبکہ فواد اکبر، ضیاء الرحمن، عبدالجبار اور رضوان بشیر کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔

تبصرہ

Top