حضرت علیؓ قرآن و حدیث کے عظیم شارح تھے: شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

حضرت علیؓ کی تعلیمات انسانیت کی فلاح کا روشن چراغ ہیں : بانی و سرپرست اعلیٰ منہاج القرآن
منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں حضرت علی کرم اللہ وجہہ کی ولادت کا کیک کاٹا گیا

حضرت علیؓ قرآن و حدیث کے عظیم شارح تھے: شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

لاہور(3 جنوری 2026) بانی و سرپرستِ اعلیٰ تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے امیر المؤمنین سیدنا مولا علی کرم اللہ وجہہ الکریم کے یومِ ولادت کے موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ حضرت مولا علیؓ نے علم کو عمل سے، شجاعت کو اخلاق سے اور اقتدار کو عدل و خدمت سے جوڑ کر انسانیت کو قیادت کا وہ معیار دیا جو رہتی دنیا تک مشعل راہ ہے۔ حضرت مولا علیؓ قرآن و حدیث کے عظیم شارح تھے۔ آپ کی تعلیمات انسانیت کےلئے روشن چراغ ہیں۔ حضرت مولا علیؓ علم، حکمت، شجاعت، عدل اور تقویٰ کا وہ جامع و کامل پیکر ہیں جن کی ذات اقدس نے اسلامی تہذیب و تمدن کی فکری بنیادوں کو مضبوط کیا۔ حضرت علیؓ کی تعلیمات آج بھی انسانیت کی فلاح اور معاشروں کی اصلاح کا روشن چراغ ہیں۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ امیر المؤمنین حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم سے بارہ ہزار سے زائد احادیثِ مبارکہ مروی ہیں، جو آپؓ کے بلند علمی مقام اور فہمِ دین کی واضح دلیل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ انہی مرویات پر مشتمل ’’مسند الامام علی‘‘ کے عنوان سے ایک جامع تحقیقی کتاب زیرِ تکمیل ہے اور یہ علمی و تحقیقی خدمت انجام دینے کی سعادت اللہ تعالیٰ نے تحریک منہاج القرآن کو عطا فرمائی ہے۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم اہلِ بیتِ اطہار کے آفتابِ درخشاں اور قرآن و حدیث کے عظیم شارح تھے۔ آپؓ کی پوری زندگی محبت، امن، اخوت اور امت کے باہمی اتحاد کے فروغ میں گزری۔ اسلامی تاریخ حضرت علیؓ کی بے مثال جرأت، شجاعت اور ایمان افروز واقعات سے بھری پڑی ہے، جبکہ آپؓ کی سیرت کا ہر لمحہ رشد و ہدایت کے انمول اسباق لیے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت علیؓ کی عظمت کے اظہار کے لیے یہی بات کافی ہے کہ رسولِ اکرم ﷺ نے ایک موقع پر آپؓ کا دستِ مبارک تھام کر ارشاد فرمایا: ’’جس کا میں مولا ہوں، اُس کا علی مولا ہے۔ اے اللہ! تو اُس سے محبت فرما جو علیؓ سے محبت کرے اور اُس سے عداوت رکھ جو علیؓ سے عداوت رکھے۔ ‘‘ یہ فرمانِ نبوی ﷺ حضرت علیؓ کے جداگانہ مقام و مرتبے کے بیان کےلئے کافی ہے۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم نے اپنی زندگی کے آخری لمحے تک اصحابِ رسول ﷺ اور امتِ محمدیہؐ کو فتنوں، انتشار اور باہمی اختلافات سے محفوظ رکھنے کے لیے کردار ادا کیا۔ آپؓ کے اقوال، فرامین اور ارشادات قیامت تک علم، عرفان اور حق کی جستجو کرنے والوں کے دلوں کو سکون اور فکری رہنمائی فراہم کرتے رہیں گے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہاکہ یوم ولادت حضرت علیؓ منانے کا اصل مقصد یہ ہے کہ ہم ان کی تعلیمات کو اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی کا حصہ بنائیں، علم و حکمت کی روشنی میں ایک پر امن، عادل اور مصطفوی معاشرے کی تشکیل کریں۔

تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ پر حضرت علی کرم اللہ وجہہ کی ولادت کا کیک کاٹا گیا۔ اس موقع پر کرنل(ر) خالد جاوید، نور اللہ صدیقی، قاضی فیض الاسلام، جواد حامد، علامہ لطیف مدنی، حفیظ الرحمان، سہیل احمد رضا، سعید احمد، طیب ضیا و دیگر رہنما موجود تھے۔

تبصرہ

Top