جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن میں فارغ التحصیل طلبہ و علماء کے اعزاز میں پروقار الوداعی تقریب

جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن میں فارغ التحصیل طلبہ و علماء کے اعزاز میں ایک شاندار اور پروقار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں والدین، اساتذہ، اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے خطاب میں کہا کہ یہ دن صرف طلبہ کے لیے خوشی کا موقع نہیں بلکہ والدین اور اساتذہ کے لیے بھی فخر اور مسرت کا دن ہے۔ اس موقع پر طلبہ کی محنت، اساتذہ کی سالوں کی تربیت اور والدین کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا، کیونکہ انہی کی کوششوں کی بدولت طلبہ دینِ مصطفی ﷺ کی خدمت کے قابل بنے ہیں۔
انہوں نے طلبہ کو یاد دلایا کہ جامعات میں گزارے گئے یہ 7 سال، مختلف اسناد اور درجات حاصل کرنے کا موقع فراہم کرتے ہیں، لیکن علم کا حقیقی سفر ابھی شروع ہونا باقی ہے۔ نبی اکرم ﷺ کے فرمان کے مطابق جس کے ساتھ اللہ بھلائی کا ارادہ فرماتا ہے، اسے دین کی سمجھ عطا فرماتا ہے، اور یہ سمجھ زندگی بھر جاری رہنے والا عمل ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنی نیت کی خالصیت برقرار رکھیں، علم کو عبادت سمجھیں، اور دین کے نمائندے کے طور پر اپنے کردار، لباس، گفتار، اور اخلاق کے ذریعے معاشرے میں دین کی حقیقی تصویر پیش کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ علم صرف کتابی معلومات تک محدود نہیں ہونا چاہیے، بلکہ عمل اور کردار میں بھی ظاہر ہونا چاہیے۔
پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے امام غزالیؒ کی زندگی کی مثال دی، جنہوں نے علم، شہرت اور منصب کے بلند مقامات حاصل کرنے کے باوجود اپنی نیت اور اخلاص کو ترجیح دی۔ انہوں نے خلوت اختیار کی اور خود کو دنیاوی شہرت سے الگ کیا تاکہ علم اور عمل کو حقیقی روحانیت کے ساتھ جوڑا جا سکے۔
اساتذہ کرام کی محنت و خلوص، والدین کی قربانیوں اور طلبہ کی محنت کو سراہا گیا۔ پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے نصیحت کی کہ طلبہ ہمیشہ قرآنِ مجید سے تعلق مضبوط رکھیں، روزانہ ترجمہ اور تفسیر کے ساتھ مطالعہ کریں، دینی اور جدید علوم میں خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، اور اخلاق حسنہ، وقار اور انکساری کے ساتھ معاشرے میں اپنی مثال قائم کریں۔
آخر میں دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ تمام فارغ التحصیل طلبہ کو اخلاص، استقامت اور کامیابی عطا فرمائے، ان کے والدین اور اساتذہ کی خدمات قبول فرمائے، جامعہ کو علم و عمل کا روشن چراغ بنائے، اور ہم سب کو دینِ اسلام کی خدمت کی توفیق دے۔ آمین۔
تقریب میں پرنسپل کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز پروفیسر ڈاکٹر محمد ممتاز الحسن باروی، معروف صوفی سکالر صاحبزادہ عاصم مہاروی، نائب ناظمِ اعلیٰ تنظیمات تحریکِ منہاج القرآن ڈاکٹر محمد رفیق نجم، مفتی عبد القیوم خان ہزاروی، ڈاکٹر محمد اکرم رانا، پروفیسر ڈاکٹر شبیر احمد جامی، پروفیسر ڈاکٹر فیض اللہ بغدادی، پروفیسر ڈاکٹر شفاقت علی بغدادی، پروفیسر ڈاکٹر افتخار شاہ بخاری، ڈاکٹر مسعود احمد مجاہد، ڈاکٹر مراد علی دانش، محب اللہ اظہر، کرنل ر خالد جاوید، ڈاکٹر محمد فاروق رانا، ونگ کمانڈر عبد الغفار، جواد حامد، علامہ محمد عباس نقشبندی، صابر حسین نقشبندی، سہیل رضا، عائشہ مبشرہ، جوریہ افضل اور ثناء وحید سمیت فارغ التحصیل اور زیرِ تعیم طلباء کی کثیر تعداد شریک تھی۔























تبصرہ