تحریک منہاج القرآن خیبر پختونخوا جنوبی کے زیرِاہتمام ڈیرہ اسماعیل خان میں اہم اجلاس
نائب ناظمِ اعلیٰ چوہدری عرفان یوسف اور علامہ محمّد عبدالحی علوی کی اجلاس میں خصوصی شرکت، تنظیم سازی اور مستقبل کے لائحہ عمل پر اہم فیصلے

ڈیرہ اسماعیل خان: تحریک منہاج القرآن خیبر پختونخوا جنوبی کا اہم تنظیمی اجلاس ڈیرہ اسماعیل خان میں منعقد ہوا، جس میں نائب ناظمِ اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خیبر پختونخوا و گلگت بلتستان چوہدری عرفان یوسف اور ناظم تنظیمات تحریک منہاج القرآن خیبر پختونخوا علامہ عبدالحئی علوی نے خصوصی شرکت کی۔
نائب ناظمِ اعلیٰ چوہدری عرفان یوسف نے تنظیمی امور، اہداف کے حصول کے مؤثر طریقہ کار اور آئندہ کے اہم تنظیمی منصوبہ جات پر جامع اور مفصل گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک منہاج القرآن ایک عظیم فکری، اصلاحی اور دعوتی تحریک ہے جس کا مقصد دینِ اسلام کی حقیقی تعلیمات کو عام کرنا اور معاشرے میں امن، محبت اور رواداری کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی خیبر پختونخوا سمیت پورے صوبے میں تنظیم سازی کے عمل کو مزید تیز کیا جائے اور ہر ضلع و تحصیل میں تنظیمی ڈھانچے کو مضبوط اور متحرک بنایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اہداف کے حصول کے لئے منصوبہ بندی، ٹیم ورک اور مسلسل محنت کو شعار بنایا جائے۔
علامہ محمّد عبدالحی علوی نے خصوصی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ایک مضبوط اور کامیاب تنظیم کی بنیاد احساسِ ذمہ داری پر قائم ہوتی ہے، تنظیمی فرائض میں کوتاہی نہ صرف ذاتی کمزوری ہے بلکہ اجتماعی نقصان کا سبب بھی بنتی ہے۔ علامہ عبدالحی علوی نے کہا کہ ذمہ داران اپنے کردار، گفتار اور عمل سے دوسروں کے لئے مثال بنیں اور باہمی احترام، مشاورت اور نظم و ضبط کو فروغ دیں۔
اس موقع پر تنظیم سازی اور مستقبل کے لائحہ عمل کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے، تحریک منہاج القرآن جنوبی خیبر پختونخوا کے لئے نئی ذمہ داریاں بھی تفویض کی گئیں کہ ڈاکٹر عبدالعزیز محسود، بلال خان اور حزب اللہ خان کو بالترتیب صدر، ناظم اور نائب صدر تحریک منہاج القرآن خیبر پختونخوا جنوبی مقرر کیا گیا۔
اجلاس میں صدر ایم ایس ایم خیبر پختونخوا حامد اشتیاق، جنرل سیکرٹری پاکستان عوامی تحریک خیبر پختونخوا اور ارشد کھوکھر سمیت خیبر پختونخوا جنوبی کی مختلف تحصیلوں سے صدور، ناظمین اور کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

















تبصرہ