حج فکری و روحانی تطہیر کا عظیم سفر ہے: شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری
احرام طبقاتی تفاخر کے خاتمے اور انسانی مساوات کا عملی اعلان ہے
طواف کعبہ انسان کو زندگی کا درست مرکز متعین کرنے کا درس دیتا ہے
بانی و سرپرست اعلیٰ تحریک منہاج القرآن کی لاکھوں حجاج کرام کو مبارکباد

بانی و سرپرستِ اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے فریضۂ حج کی سعادت حاصل کرنے والے لاکھوں حجاج کرام اور عازمینِ حرمین شریفین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حجِ بیت اللہ انسان کی فکری، روحانی اور اخلاقی تطہیر کا عظیم سفر ہے۔ یہ عبادت صرف چند ظاہری مناسک کا مجموعہ نہیں بلکہ توحید، بندگی اور انسانیت کے اعلیٰ ترین تصورات کی عملی تعبیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ حج ہر اُس صاحبِ استطاعت مسلمان پر فرض ہے جو اس مقدس فریضے کی ادائیگی کی قدرت رکھتا ہو۔ عازمینِ حرمین شریفین کے لیے یہ سفر غیرمعمولی سعادت اور اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے، کیونکہ حج انسان کو اپنی اصل حقیقت یعنی عبدیت اور بندگی کی طرف واپس لے جاتا ہے۔
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ احرام انسان کو ایسے مقام پر لے آتا ہے جہاں وہ اپنی انفرادیت، تکبر اور دنیاوی شناخت کو پسِ پشت ڈال کر صرف بندگی کے لباس میں داخل ہو جاتا ہے۔ احرام دراصل طبقاتی کشمکش، تفاخر اور سماجی تقسیم کی نفی ہے، جہاں امیر و غریب، طاقتور اور کمزور ایک ہی صف میں کھڑے ہو کر مساوات، اخوت اور انسانی وحدت کا عملی مظاہرہ کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حج ایک جامع عالمی تربیتی نظام ہے جو انسان کو اجتماعیت، نظم و ضبط، ایثار، مساوات اور اخلاقی شعور عطا کرتا ہے۔ طوافِ کعبہ اس حقیقت کی علامت ہے کہ انسانی زندگی کا حقیقی مرکز ذاتِ باری تعالیٰ ہے اور جب تک انسان اپنی زندگی کے مرکز کو درست نہیں کرتا، اس کی فکری اور عملی سمت منتشر رہتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سعیِ صفا و مروہ انسان کو امید، جستجو اور مسلسل جدوجہد کا درس دیتی ہے۔ یہ عمل یقین، محنت اور اللہ تعالیٰ پر کامل توکل کا پیغام دیتا ہے اور یہ شعور بیدار کرتا ہے کہ کامیابی مسلسل کوشش اور مثبت امید سے وابستہ ہے۔
ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ وقوفِ عرفہ حج کا عظیم ترین مرحلہ ہے جو انسان میں فکری بیداری، احتسابِ ذات، توبہ، عاجزی اور اجتماعی ذمہ داری کا احساس پیدا کرتا ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ حج کو امتِ مسلمہ کے اتحاد، امن، اصلاحِ احوال اور روحانی بیداری کا ذریعہ بنائے اور تمام حجاج کرام کی عبادات اور دعاؤں کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے۔









تبصرہ