جیوے پاکستان یوتھ سیمینار ڈیرہ غازی خان

مورخہ: 14 اگست 2007ء
رپورٹ : عتیق الرحمٰن چوھدری

منہاج القرآن یوتھ لیگ ڈیرہ غازی خان کے زیراہتمام گذشتہ دنوں جیوے پاکستان یوتھ سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں مرکزی صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ بلال مصطفوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوم آزادی شیان شان طریقے سے منانا زندہ قوموں کا شیوا ہے۔ یہ دن ہمیں اپنے اسلاف کی قربانی کی یاد دلاتا ہے۔ آزادی کی نعمت پر اظہار تشکر کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ کے حضور شکر بجا لانا ہر محب وطن پاکستانی کا فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت وطن عزیز کو مختلف چیلنجز کا سامان ہے۔ جن سے نمٹنے کیلئے اور پاکستان کے استحکام کے لیے ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ مسلم نوجوانوں کا اپنی تہذیب و ثقافت کے احیاء اور خود اپنے لیے ذہنی وروحانی تسکین کے حصول کی خاطر مسلسل جدوجہد کرنا ہوگی۔ اس مسلسل جدوجہد کی پہلی منزل فکری تربیت اور تعلیمی تحریک ہے۔ استحکام پاکستان کے لیے جیوے پاکستان کے نام سے ایک ملک گیر مہم کا آغاز کیا گیا۔ اس پر امن مہم کے دوران یوم آزادی کے موقع پر 65 شہروں میں جیوے پاکستان کے نام سے موٹر سائیکل ریلیوں کا انعقاد ہوا۔ 22 شہروں میں کھیلوں کے مقابلے ہوئے جن میں یوتھ لیگ کے مرکزی قائدین اور اہم مقامی سیاسی، سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ علاوہ ازیں تقریری مقابلے اور سیمینارز بھی منعقد کئے گئے۔

ظہیر عباس گجر مرکزی نائب صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ نے کہا کہ موجودہ حالات میں تنقید کی بجائے تعمیری سوچ کو اپناتے ہوئے خدا اور رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ماننے والوں کو پھر سے لڑی میں پرو دیا جائے۔ منہاج القرآن یوتھ لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ اسلام کی روحانی اور اخلاقی قدروں کو فروغ دیتے ہوئے اسلام کے تصور عدل واحسان اور مساوات پر مبنی معاشرے کے قیام کیلئے کوشاں ہے۔ معاشرے کو ظلم سے نجات دلانے اور پھر سے دور رفتہ کی عظمتوں تک پہنچانے کیلئے نوجوانوں کا کردار نمایاں رہا ہے۔ مہمانان گرامی میں ذوالفقار علی ڈویژنل کوآرڈینیٹر یوتھ، سید صدیق احمد شاہ گیلانی، صدر پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹر اللہ بخش بھٹی، قاضی غلام محبوب، صاحبزادہ محمد سلیم نظامی شجاع آباد، قادر بخش محمدی، زین العابدین اور عبدالمنان ناظم تحریک شامل تھے۔ محمد ایوب خٹک، محمد افضل نواز، عامر کریم، محمد ایوب ہوتانی، غلام اسعد، جمیل احمد اور محمد اجمل مختلف یونین کونسلز سے قافلوں کی صورت میں سیمینار میں شریک ہوئے۔ نقابت کے فرائض افتخار علیانی صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ نے سر انجام دئیے۔

تبصرہ

Top