گوشہ درود کے گنبد کی بنیاد ۔ دعائیہ تقریب

(ایم ایس پاکستانی)

تحریک منہاج القرآن کے گوشہ درود کی عمارت "مینارۃ السلام" کے تعمیری کام کے دوسرے مرکزی حصے کا آغاز ہو گیا۔ اس سلسلے میں 14 ستمبر بروز جمعۃ المبارک مرکزی سیکرٹریٹ میں ایک تقریب منعقد ہوئی۔ یہ دعائیہ تقریب مینارۃ السلام (گوشہ درود کا گنبد) کی عمارت کی بنیاد رکھتے وقت منعقد کی گئی۔ اس موقع پر مرکزی امیر تحریک صاحبزادہ مسکین فیض الرحمٰن درانی، ناظم اعلی ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، ناظم امور خارجہ جی ایم ملک، پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل انوار اختر ایڈوکیٹ، ناظم یوتھ ساجد محمود بھٹی، پروفیسر محمد نواز ظفر، امیر گوشہ درود الحاج محمد سلیم شیخ، حاجی ریاض احمد، امیر پنجاب احمد نواز انجم اور دیگر مرکزی قائدین بھی موجود تھے۔

تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا۔ اس کے بعد گوشہ درود کے منتخب درود پاک کا ورد کرتے ہوئے تقریب کے شرکاء نے عمارت کے تہہ خانے کا ایک چکر بھی لگایا۔ اس موقع پر مرکزی قائدین نے گوشہ درود کی بیسمنٹ کے مغربی حصے میں حصول برکت اور صدقہ کے طور پر ایک بکرا بھی ذبح کیا۔ تقریب کا اختتام دعا سے ہوا۔ مرکزی امیر تحریک مسکین فیض الرحمن درانی نے خصوصی دعا کروائی۔ اس موقع پر پاکستان اور امت مسلمہ کی سلامتی اور ترقی کے لیے بھی خصوصی دعا کی گئی۔ آخر میں تمام شرکاء کو مینارۃ السلام کے تعمیری کام کے دوسرے مرحلے کے افتتاح پر خصوصی مبارکباد دی گئی۔

گوشہ درود کی عمارت مینارۃ السلام کے تعمیری کام کے اس مرحلے کے آغاز سے قبل گراؤنڈ فلور کے فرش کی تعمیر کے لیے سیمنٹ لینٹر کا کام اختتامی مرحلہ میں داخل ہو گیا ہے۔ رمضان المبارک کے پہلے عشرے میں یہ کام مکمل کر لیا جائے گا۔

تبصرہ

Top