تحریک منہاج القرآن کا 27 واں یوم تائسیس اور عید ملن پارٹی

(ایم ایس پاکستانی)

تحریک منہاج القرآن کے 27 ویں یوم تائسیس کے سلسلے میں مورخہ 18 اکتوبر کو یوم تائسیس اور عید ملن پارٹی کی پر وقار تقریب مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوئی۔ اس تقریب کی صدارت شیخ الاسلام کے لخت جگر صاحبزادہ حسین محی الدین قادری نے کی۔ مرکزی امیر تحریک صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن درانی، ناظم اعلی ڈٓاکٹر رحیق احمد عباسی، نائب ناظم اعلی شیخ زاہد فیاض، نائب امیر تحریک بریگیڈئر (ر) اقبال احمد خان، سئنیر نائب ناظم اعلی کرنل (ر) محمد احمد، سید علی غضنفر کراروی، ناظم امور خارجہ جی ایم ملک، امیر پنجاب احمد نواز انجم، ناظم میڈیا ڈاکٹر شاہد محمود، مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی، پروفیسر محمد نواز ظفر، منہاج یونیورسٹی کے ڈائریکٹر سپورٹس پروفیسر ایس ایم شفیق، ناظم یوتھ ساجد محمود بھٹی، چوہرری محمد اشرف، آڈٹ ڈیپارٹمنٹ کے چیف ایڈیٹر سید منظور احمد ترمذی کے ساتھ مرکزی نظامتوں اور شعبہ جات کے ناظمین بھی معزز مہمانوں میں موجود تھے۔ ان کے علاوہ تحریک منہاج القرآن کے مرکز کے کارکنان اور منہاج القرآن ویمن لیگ کی خواتین بھی پروگرام میں شریک تھیں۔

پروگرام کا آغاز صبح گیارہ بجے تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ اس کے بعد نظامت ممبر شپ کے سئنیر نائب ناظم سرفراز احمد خان نے نعت مبارکہ پیش کی۔ پروگرام کی نقابت کے فرائض میاں عبدالرسول سندھو نے انجام دئیے۔ ناظم یوتھ ساجد محمود بھٹی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آج ہمارے لیے دو عیدیں ہیں۔ ایک عید الفطر اور دوسری تحریک کے 27 ویں یوم تائسیس کی خوشی ہے۔ آج ہم سب کو عید الفطر کی خوشی کے بعد تحریک کے ساتھ عملی وابستگی کے عہد کی تجدید کرنی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم تحریک کا 27 واں یوم تائسیس ایک ایسے موقع پر منا رہے ہیں جب تحریک منہاج القرآن 17 واں سالانہ شہر اعتکاف کامیابی سے منعقد کر چکی ہے۔ اس موقع پر ہماری خوشیاں دوبالا ہیں جس پر ہم بہت خوش ہیں۔

تحریک منہاج القرآن پنجاب کے امیر احمد نواز انجم نے کہا کہ ان دو خوشیوں کے موقع پر ہمارے لیے مزید مسرت یہ بھی تھی کہ ہم نے عید الفطر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے ساتھ گزاری۔ ان کی سنگت میں عید کی خوشیاں سب کے لیے بڑھ گئیں ہیں۔ آج ہم اس یوم تائسیس پر تحریک اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے ساتھ وابستگی کے عہد وفا کی تجدید کرتے ہیں۔

ناظم امور خارجہ جی ایم ملک نے کہا کہ شیخ الاسلام نے آج سے 27 برس قبل جو قافلہ تنہا شروع کیا۔ اس کا پہلا درس قرآن شادمان کے ایک گھر میں منعقد ہوا۔ اس موقع پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے بڑے پر اعتماد کے ساتھ کہا تھا کہ آج ایک گھر سے شروع ہونے والا یہ قافلہ ایک دن دنیا کے کونے کونے تک پھیل جائے گا۔ الحمد للہ آج تحریک منہاج القرآن دنیا کے تمام براعظموں میں منظم انداز میں موجود ہے۔ اسلام کی توقیر اور وقار کی بحالی کے لیے ہمیں اس قافلہ تحریک منہاج القرآن کو ابھی بہت آگے اس جگہ لے کر جانا ہے جس کی منزل مصطفوی انقلاب ہے۔

مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی نے کہا کہ ہم کو اس موقع پر اپنی عید کی خوشیوں میں اپنے ارد گرد کے غرباء اور بنیادی حقوق سے محروم طبقات کو بھی شامل کرنا ہے۔ تحریک منہاج القرآن نے ہمیشہ ایسے مواقع پر احساس محرومی سے لبریز لوگوں کا ساتھ دیا ہے۔ آج اس مہم کو ملک بھر میں عام کرنے اور شعور پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ تحریک کے 27 ویں یوم تائسیس کے موقع پر ہم اس امر کی پختگی کا مزید عہد کرتے ہیں۔

نظامت میڈیا کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شاہد محمود نے کہا کہ تحریکی حوالے سے آج کا دن بہت اہم ہے۔ اس روز ہمیں اپنے سابقہ کارکردگی کا جائزہ لے کر مستقبل کی حکمت عملی طے کرنی ہو گی۔ یوم تائسیس کے موقع پر ہم سب کو انفرادی سطح پر اپنے ہدف کا خود اور عملی تعین کرنا ہو گا۔ اس کے بعد آئندہ کی کارکردگی اور اہداف کے لیے ہمیں ایک دوسرے کے لیے مثالی نمونہ بننا ہو گا۔

تحریک منہاج القرآن کے نائب ناظم اعلی شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ میں آج سے 23 برس قبل پاکستان کی ایک ممتاز سیاسی پارٹی کا جیالہ کارکن تھا۔ تاہم جب شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے 1989ء میں موچی دروازہ لاہور میں جلسہ کیا اور اپنے پروگرام کا اعلان کیا تو اس کے بعد ہماری فیملی نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا۔ اس دن سے ہم تحریک منہاج القرآن میں شامل ہو گئے۔ اس کے بعد میں نے جولائی 1991ء میں پہلی بار فرانس میں ایک میلاد کا پروگرام کیا اور اس موقع پر وہاں تحریک منہاج القرآن کی بنیاد رکھ دی۔ اس کے بعد آج تک ہم استقامت کے ساتھ تحریک کے ساتھ منسلک ہیں۔ آج اس یوم تائسیس کے موقع پر ہم اپنے عہد کی تجدید کے ساتھ شیخ الاسلام کے ساتھ عہد وفا کو پختہ کرتے ہیں۔

ناظم اعلی ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کو جو دنیا میں عروج ملا ہے وہ سب شیخ الاسلام کی شبانہ روز محنتوں کا ثمر ہے۔ ہم سب ان کے ساتھ دست و بازو بننے کے لیے کوشاں ہیں۔ تحریک منہاج القرآن آج دنیا میں اسلام کے پیغام امن و محبت کو عام کر رہی ہے۔ ہماری یہ کوشش مصطفوی انقلاب کے عملی ظہور تک جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم شہر اعتکاف کے کامیاب انعقاد پر بہت خوش ہیں۔ ہم عید کی خوشی کے بعد تحریک کے یوم تائسیس کو اظہار تشکر کے طور پر منا رہے ہیں۔

تقریب کے صدر صاحبزادہ حسین محی الدین قادری نے اپنے صدرارتی کلمات میں کہا کہ آج ہم جس تحریک کے یوم تائسیس پر جمع ہیں۔ اس کی بنیاد شیخ الاسلام نے جس وقت رکھی تو اس وقت سے لیکر ان کا وژن آج بھی واضح ہے۔ شیخ الاسلام نے مصطفوی انقلاب کو اپنی منزل منتخب کیا۔ اس سے جو سفر طے ہوا اس کے بعد دعا ہے کہ اس خواب کی عملی تصویر اور تعبیر بھی وہ اپنی زندگی میں دیکھیں۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن اس صدی کی تجدیدی تحریک اور شیخ الاسلام اس وقت مجدد امت ہیں۔ اللہ تعالی کے خاص کرم و فضل اور حضور صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے نعلین پاک کے تصدق سے تحریک منہاج القرآن کا ہر آنے والا لمحہ گزرے ہوئے وقت سے بہتر ہو رہا ہے۔

یہ حضور صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی سنت کا فیض ہے۔ منہاج القرآن دین اسلام کے پیغام کو دنیا بھر میں پہنچا رہا ہے۔ ہم نے ایک کارکن ہونے کے ناطے عوام میں شعور کی بیداری اور تربیت احوال کرنی ہے۔ آج اس موقع پر ہم یہ دعا کرتے ہیں کہ اللہ اس 27 ویں یوم تائسیس کو 127 ویں یوم تائسیس میں بدل دے۔ (ان شاء اللہ)

تقریب میں تحریک منہاج القرآن کے عظیم شہداء تنویر احمد قریشی، محمد اقبال منہاجین اور محمد اجمل قادری شہید کی خدمات پر انہیں خصوصی طور پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔ تقریب کے آخر میں دعا سے قبل یوم تائسیس کا کیک کاٹا گیا۔ صاحبزادہ حسین محی الدین قادری اور تحریک کے دیگر مرکزی قائدین نے باری باری کیک کاٹا۔ اس موقع پر شکیل احمد طاہر نے تحریکی ترانہ بھی پڑھا۔ مسکین فیض الرحمن درانی کی اختتامی دعا سے پروگرام کا اختتام ہوا۔

اس سے متعلقہ فوٹو البم ملاحظہ کرنے کے لئے کلک کریں۔

تبصرہ

Top