اسرائیل کی ریاستی دہشت گردی کے خلاف اور فلسطینی بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ہزاروں افراد کی پرامن ریلی

اسرائیل کی ریاستی دہشت گردی کے تسلسل، عالمی اداروں اور بڑی طاقتوں کے دہرے معیار اور امت مسلمہ کے حکمرانوں کی بے حسی کے خلاف پاکستان عوامی تحریک لاہور کے زیراہتمام مورخہ 16 جنوری 2009ء کو لاہور پریس کلب تا اسمبلی ہال احتجاجی ریلی نکالی گئی جسمیں مختلف طبقہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ ریلی کی قیادت مرکزی صدر فیض الرحمٰن درانی، ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، شیخ زاہد فیاض، انوار اختر ایڈووکیٹ، جی ایم ملک اور سردار منصور احمد خان نے کی۔ ریلی میں شریک ہزاروں افراد نے اسرائیلی جار حیت کے تسلسل کے خلاف کتبے اٹھا رکھے تھے اور وہ غزہ میں قیام امن کا مطالبہ کررہے تھے۔

اس موقع پر ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے ریلی میں شریک ہزارو ں افراد سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی ریاستی دہشت گردی پر چپ سادھنے والے ادارے اور ملک اپنا دہرا معیار ختم کریں۔ چنددنوں میں 1100 فلسطینی شہید ہوچکے مگر عالمی ادارے اور طاقتیں اسرائیل کو روکنے میں ناکام ہیں جو بہت بڑا سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑی طاقتوں کا دہرا معیار عالمی امن کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے جس کے باعث اسرائیل عالمی قوانین کی دھجیاں بکھیر کر انسانیت اور عالمی اداروں کی توہین کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ OIC اور عرب لیگ کا اسرائیل کے خلاف مؤثر آواز نہ اٹھانا افسوسناک ہے۔ اقوام متحدہ بڑی طاقتوں کے غلام ادارے کے طور پر دنیا میں اپنا وقار اور غیر جانبدارانہ تشخص ختم کرچکا ہے۔ امت مسلمہ کی یکجہتی ہی مسئلے کا اصل حل ہے اس حوالے سے مسلم حکمران مجرمانہ خاموشی ترک کریں۔

صدر پاکستان عوامی تحریک فیض الرحمٰن درانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں جاری اسرائیلی ریاستی دہشت گردی کا تسلسل انسانیت کے خلاف کھلی جنگ ہے۔ عالمی برادری انسانی حقوق کی اتنے بڑے پیمانے پر پامالی کا نوٹس لے اور اسرائیل کو فوری جنگ بند کرنے اور آئندہ جارحیت نہ کرنے کا پابند بنایا جائے۔ نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ فلسطین کا مسئلہ کسی قوم یا مذہب کا نہیں انسانیت کا مسئلہ ہے۔ عالمی ضابطوں کو پامال کرکے معصوم بچوں کو بربریت کا نشانہ بنانے والا اسرائیل دنیا کے اربوں انسانوں کیلئے قابل نفرت بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل انسانیت کا قتل کررہا ہے اور انسانی حقوق کا واویلا مچانے والے مجرمانہ خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انسانیت کے خلاف بدترین دہشت گردی کرنے والا اسرائیل خطے کے امن کو سبوتاژ کرکے عالمی امن کیلئے خطرات بڑھا رہا ہے۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انوار اختر ایڈووکیٹ نے کہا کہ فلسطین پر اسرائیلی جارحیت کھلی دہشت گردی ہے اور حقوق انسانی کی خلاف ورزی ہے۔ عالمی طاقتیں اسرائیل کو پابند کریں کہ وہ طاقت کی بجائے پرامن مذکرات کی راہ اپنائے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل فلسطین پر بربریت اور ظلم سے باز رہے۔ اقوام عالم سے ہمارا مطالبہ ہے کہ اسرائیل پر پابندیاں لگا کر اسے اقوام متحدہ کی قراردادوں کا پابند بنایا جائے۔

مرکزی رہنماء جی ایم ملک نے کہا کہ دوہرے معیار کی تلوار انسانیت کا قتل کر رہی ہے اسرائیل کی بے لگام ریاست عالمی امن کیلئے بڑا خطرہ ہے۔

تحریک منہاج القرآن کے ناظم تنظیمات سردار منصور خان نے کہا کہ فلسطینیوں کو حق خود ارادیت دلوانے کی بجائے عالمی ادارے اسرائیل بربریت پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں جو انسانی حقوق کی توہین ہے۔


لاہور کے امیر پروفیسر ذوالفقار علی نے کہا کہ کیا اسرائیل کی ریاستی دہشت گردی کو بند کرانے کیلئے بڑی طاقتوں کی خاموشی مسلم حکمرانوں کی آنکھیں کھولنے کیلئے کافی نہیں ہے؟ ریلی سے پاکستان عوامی تحریک لاہور کے صدر افضل گجر، سہیل رضا، جواد حامد، بلال مصطفوی، غلام فرید اور دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ

Top