منہاج یونیورسٹی کے ہفتہ تقریبات میں مقابلہ کوئز (ٹیسٹ کرکٹر عمران نذیر کی خصوصی شرکت)

منہاج یونیورسٹی لاہور کے کالج آف شریعہ میں بزم منہاج کے زیراہتمام کل پاکستان بین الکلیاتی ہفتہ تقریبات کے چوتھے روز مورخہ 12 فروری 2009ء کو مقابلہ کوئز منعقد ہوا۔ عالمی سفیر امن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی 58ویں سالگرہ کے سلسلے میں ہونے والی تقریبات کے مقابلہ کوئز کی صدارت پرنسپل ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کی۔ قومی کرکٹ ٹیم کے سٹار اوپنر بیٹسمین عمران نذیر مہمان خصوصی تھے۔ ان کے علاوہ پی ٹی وی کے معروف کمپیئر نورالحسن، نامور صحافی ممتاز شفیع بھی معزز مہمانوں میں شامل تھے۔ پروفیسر محمد نواز ظفر، منہاج کالج برائے خواتین کی پرنسپل انیسہ خالد، تحفیظ القرآن ماڈل ہائی سکول کے پرنسپل حافظ نیاز احمد، پروفیسر ڈاکٹر محمد ارشد نقشبندی، ڈاکٹر ظہور اللہ الازہری، صحافی چوہدری انوارالحق، میاں محمد عباس نقشبندی، رانا محمد اکرم قادری اور کالج کے معزز اساتذہ کرام نے بھی بطور مہمان پروگرام میں شرکت کی۔

مقابلہ کوئز میں ملک بھر سے 15 سے زائد منتخب کالجز، یونیورسٹیز اور دیگر تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات پر مشتمل ٹیموں نے حصہ لیا۔ فائنل راونڈ میں کالج آف شریعہ کے محمد وحید اقبال اور توقیر احمدنے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ پنجاب یونیورسٹی کے محمد وقاص اور محمد حمزہ نے دوسری، اسلامیہ سول لائینز کالج لاہور کے ندیم سرور اور محمد صمیم نے تیسری جبکہ جی سی یونیورسٹی کے حافظ رانا عادل فرمان، محمد نعیم خان نے چوتھی پوزیشن حاصل کی۔

پاکستان ٹیلی ویژن کے معروف کمپیئر نورالحسن نے کہا کہ عظیم انسان کام کے لیے آگے اور انعام کے وقت پیچھے ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کسی کا احسان یاد رکھنا اور اسکا ذکر کرنا اوراپنی خدمات کو بھول جانا عظیم لوگوں کا شیوا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ منہاج یونیورسٹی کی بزم منہاج نے ہفتہ تقریبات کے کوئز مقابلہ کو بہت منظم انداز میں منعقد کیا۔ اس کوئز مقابلہ سے ملک کو ذہین اور باصلاحیت طلبہ ملیں گے۔

معروف صحافی محمد ممتاز شفیع نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ علم شعور و آگہی کی راہیں کھولتا ہے۔ وسیع علم سے حکمت و دانائی میں اضافہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علم و عمل کے امتزاج سے شخصیات جنم لیتی ہیں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری انہی میں سے ایک ہیں اور آپ کو بھی ان کی شخصیت سے خود کو عملی طور پر آئیڈیل بنانا ہو گا۔

پروگرام کے مہمان خصوصی قومی کرکٹ ٹیم کے سٹار اوپنر بیٹسمین عمران نذیر نے کہا کی مجھے یہاں بہت خوشی ہوئی، میں یونیورسٹی انتظامیہ اور بزم منہاج کا شکر گزار ہوں، جنہوں نے مجھے یہاں دعوت دی۔ بزم منہاج کے یہ پروگرام بہت ہی اچھا لگا اور میں سمجھتا ہوں کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے یہاں بہت عمدہ تعلیمی ماحول فراہم کیا ہے۔ پروگرام کے اختتام پر پوزیشن ہولڈرز کوشیلڈز اور مہمانوں کو تحائف دیے گئے۔

جھلکیاں

٭ پروگرام کا آغاز صبح ساڑھے دس بجے قاری نورالزمان چشتی نے تلاوت کلام الٰہی سے کیا۔

٭ نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سعادت سید مظہر علی شاہ نے حاصل کی۔

٭ ٹیسٹ کرکٹر عمران نذیر کی ہال میں آمد پر طلبہ میں زبردست جوش و خروش پایا گیا اور انہوں نے کھڑے ہو کر اپنے ہیرو کا استقبال کیا۔

٭ پروگرام میں آنے کے بعد عمران نذیر نے روایتی استقبال پر اپنے پرستاروں اور مداح طلبہ کا شکریہ ادا کیا۔

٭ کوئز شو سے قبل ٹیسٹ کرکٹر عمران نذیر کو تحریک منہاج القرآن کے مختلف شعبہ جات کا مختصر وزٹ بھی کرایا گیا۔ جہاں انہوں نے گہری دلچسپی ظاہر کی۔

٭ مقابلہ کوئز کے پہلے راونڈ کے اختتام پر کالج آف شریعہ کے قاری عنصر علی قادری نے تحریکی ترانہ۔ ۔ ۔ " ہے طاھر ایسا پیا۔ ۔ نور ہی نور کیا" پڑھا۔

٭ دوسرے راؤنڈ کے بعد منہاج پروڈکشنز کے گلوکار خر م خالدنے ملی ترانہ "یہ تیرا پاکستان ہے یہ میرا پاکستان ہے" پڑھا جس پر طلبہ میں زبردست جوش و خروش پایا گیا۔

٭ جیوری کے فرائض فرید ملت ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے سینئر ریسرچ سکالر محمد وسیم شحمی اور کالج آف شریعہ کے لیکچرار محمد کاشف بھٹی نے سرانجام دیے۔

٭ طلبہ کی دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے پیانو اور میوزک کا خصوصی اہتمام کیا گیا جبکہ جب ملی نغمے پڑھے گئے تو الیکٹرک بخور سے اٹھنے والے دھیمے دھیمے دھوئیں نے خوبصورت منظر پیدا کر دیا۔

٭ کوئز مقابلہ کے تیسرے راؤنڈ کے اختتام پر کالج آف شریعہ کے حیدری برادران نے تحریکی ترانہ "ظلمت آفاق میں چمکے گا۔ ۔ طاہرالقادری" پڑھا۔

٭ ٹیسٹ کرکٹر عمران نذیر کو پروفیسر محمد نواز ظفر نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا ترجمۃ القرآن عرفان القرآن کا تحفہ بھی پیش کیا۔

٭ نقابت کے فرائض محمد حفیظ کیانی اور عدنان وحید قاسمی (جنرل سیکرٹری بزم منہاج) نے سر انجام دیے۔

٭ پروگرام کا اختتام دعا سے ہوا۔

تبصرہ

Top