بیساکھی کے تہوار پر منہاج القرآن کے وفد کی شرکت

سکھ بیساکھی کے تہوار کی تقریب 20 اپریل کو گورنر ہاؤس لاہور میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر بھارت سے سکھ یاتری پاکستان اپنے مذہبی مقامات کی زیارت کے لئے آئے تو منہاج القرآن انٹرنیشنل کے ڈائریکٹوریٹ آف انٹرفیتھ ریلیشنز کے ڈائریکٹر سہیل احمد رضا (منہاجین) نے حکومت پاکستان کے محکمہ متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین سید آصف ہاشمی اور دیگر سرکاری اہلکاروں کے ہمراہ واہگہ بارڈر پر سکھ یاتریوں کا استقبال کیا۔

حسن ابدال پنجہ صاحب، ننکانہ صاحب اور لاہور میں گردوارا ڈیرہ صاحب حاضری کے بعد گورنر پنجاب کی طرف سے ان سکھ یاتریوں کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا جس میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کے ڈائریکٹوریٹ آف انٹرفیتھ ریلیشنز کے ڈائریکٹر سہیل احمد رضا اور دیگر قائدین کو بھی دعوت دی گئی۔ اس عشائیہ میں ڈائریکٹر انٹرفیتھ کی سربراہی میں وفد نے شرکت کی جن میں ڈائریکٹر میڈیا اینڈ پبلک ریلیشنز میاں زاہد اسلام، ناظم اجتماعات و مہمات جواد حامد، پی اے ٹو ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن ناصر اقبال ایڈووکیٹ، سینئر ڈپٹی ڈائریکٹر میڈیا قاضی فیض الاسلام، صدر ایم ایس ایم ذیشان بیگ، جنرل سیکرٹری پاکستان عوامی تحریک لاہور حافظ غلام فرید صدیقی، نائب ناظم تحریک منہاج القرآن لاہور حافظ صفدر علی، قاضی محمود الاسلام، سیکرٹری ٹو ناظم اعلیٰ قدیر علی، سیکرٹری ٹو سینئر نائب ناظم اعلیٰ استخار علی ساجد اور دیگر نے شرکت کی۔

بھارتی سکھ یاتریوں کی قیادت سردار سرنج سنگھ، سردار بلوندر سنگھ، سردار گربجن سنگھ، سردار چرن سنگھ اور سردار سوہن سنگھ کر رہے تھے۔ متروکہ وقف املاک بورڈ حکومت پاکستان کے چیئرمین سید آصف ہاشمی، ایڈیشنل سیکرٹری صدیق خرم، ایڈمنسٹریٹر سید فراز عباس، چیئرمین بابا گرو نانک جی ویلفیئر سوسائٹی پاکستان سردار بھشن سنگھ نے تحریک منہاج القرآن کے وفد کو خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر چیئرمین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن اس وقت بین الاقوامی سطح پر علامہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی سربراہی میں اسلام کی اصل روح کو اجاگر کر رہا ہے۔ ہمیں فخر ہے کہ ہمارے ملک میں ایک روشن خیال اسلامی سکالر موجود ہے۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل کے ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز سہیل احمد رضا نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن انٹرنیشنل عالم اسلام کی ایک منفرد تحریک ہے جو بین الاقوامی سطح پر قیام امن اور بین المذاہب رواداری، ہم آہنگی کے فروغ اور خوش گوار تعلقات کے قیام کے لئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی بے مثال قیادت میں مصروف عمل ہے۔ انتہاء پسندی، دہشت گردی، تنگ نظری اور فرقہ وارانہ سرگرمیوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ اسلام غیر مسلموں کے حقوق کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے۔ اسلام باہمی محبت، اخوت، بھائی چارے اور امن و سلامتی کا درس دیتا ہے۔ اس موقع پر سیکھ یاتریوں کے رہنماؤں کو ڈاکٹر طاہرالقادری کی کتاب اسلام میں انسانی حقوق تحفے میں دی گئیں۔

تبصرہ

Top