تحریک منہاج القرآن کے وفد کی ہولی کے تہوار میں شرکت

ہندؤوں کا مذہبی و ثقافتی تہوار "ہولی" 20 مارچ 2009ء کو دنیا بھر میں منایا گیا۔ اس سلسلے میں لاہور کے ہرے کرشنا مندر میں بھی ہولی کی خصوصی تقریب منعقد کی گئی۔ اس تقریب میں ہندو برادری کے رہنما ڈاکٹر منوہر چاند، ڈاکٹر سریش، پروفیسر اشوک کمار کھتری اور ڈاکٹر سنیل کمار کی دعوت پر منہاج القرآن انٹرنیشنل کے ڈائریکٹوریٹ انٹرفیتھ ریلیشنز (بین المذاہب تعلقات) کے وفد نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔ بین المذاہب ہم آہنگی کے طور پر تقریب میں شرکت کرنے والے اس وفد کی قیادت ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز سہیل احمد رضا (منہاجین) نے کی۔ وفد میں تحریک منہاج القرآن کے دیگر مرکزی قائدین بھی شریک تھے۔

ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز سہیل احمد رضا نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے پاکستانی ہندو بھائیوں کو ان کے تہوار پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام ایک عالمگیر متوازن دین ہے، جس نے اقلیتوں کے حقوق کا بالخصوص تحفظ کیا ہے۔ ایک مسلمان ہونے کے ناطے غیر مسلموں کے بنیادی حقوق کا تحفظ ہماری اولین ذمہ داری بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانی و سرپرست اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری بین الاقوامی سطح پر بین المذاہب رواداری اور ہم آہنگی کے فروغ اور قیام امن کے عظیم مشن پر گامزن ہیں۔ اس کے لیے انہوں نے بین المذاہب ہم آہنگی کا شعبہ "بین المذاہب تعلقات" بھی قائم کیا ہے۔ اس کے علاوہ منہاج القرآن انٹرنیشنل نے دنیا بھر کی کرسچئین اور بالخصوص بیرون ممالک عیسائی افراد کے لیے مسلم کرسچئین ڈائیلاگ فورم بھی قائم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن انٹرنیشنل دنیائے کے تمام مذاہب کے ماننے والوں کے درمیان باہمی روابط اور رواداری کے فروغ کی فضاء پر یقین رکھتا ہے۔ شیخ الاسلام کی ان عملی کاوشوں کی وجہ سے آج تمام مذاہب کے ماننے والے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو سفیر امن کے طور جانتے اور تسلیم کرتے ہیں۔

تبصرہ

Top