ڈائریکٹوریٹ آف انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن انٹرنیشنل اور پریس انسٹیٹیوٹ آف پاکستان کے زیر اہتمام یوم آزادی سیمینار

مورخہ: 08 اگست 2009ء

ڈائریکٹوریٹ آف انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن انٹرنیشنل اور پریس انسٹیٹیوٹ آف پاکستان کے زیر اہتمام یوم آزادی کے سلسلہ میں ملک میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات اور بین المذاہب ہم آہنگی کے حوالہ سے بعنوان ’’دہشت گردوں کا نیا ٹارگٹ پنجاب؟ اور قومی یکجہتی کے لئے ذرائع ابلاغ کا کردار‘‘ خصوصی نشست کا اہتمام کیا گیا۔

اس پروگرام کی صدارت سینٹر پرویز رشید خصوصی مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب نے کی جبکہ مہمان خصوصی پروفیسر عطاء الرحمن (معروف کالم نگار چیئرمین مابین کمیونٹی کیشن سپئریئر یونیورسٹی) تھے۔ سٹیج سیکرٹری کی ذمہ داری محترم محمد رفیق عالم ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف پاکستان نے ادا کی۔ مقررین میں تمام مذاہب کے راہنما نے خصوصی شرکت کی جن میں محترم نوشیر ایف دستور (راہنما پارسی کمیونٹی)، محترم ڈاکٹر منوہر چاند (راہنما ہندو برادری)، محترم ریورنڈ ڈاکٹر مجید ایبل (پامسٹر انچارج نولکھا چرچ لاہور)، محترم سردار کلیان سنگھ کلیان (راہنما گرونانک مشن آف پاکستان)، محترم سہیل احمد رضا (ڈائریکٹر انٹرنیشنل فیتھ ریلیشنز منہاج القرآن انٹرنیشنل)، محترم محمد جواد حامد (ڈائریکٹر اجتماعات تحریک منہاج القرآن) شامل تھے۔

پریس انسٹیٹیوٹ آف پاکستان کے ڈائریکٹر محمد رفیق عالم نے ملک میں پھیلتی ہوئی دہشت گردی اور بالخصوص پنجاب میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات کی روک تھام کے حوالہ سے میڈیا کے کردار پر روشنی ڈالی۔

سہیل احمد رضا ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن انٹر نیشنل نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس وقت مذہبی دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے۔ ان حالات میں ان نام نہاد مذہبی عناصر کو بے نقاب کرنے کی ضرورت ہے۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل پوری دنیا میں قیام امن اور بین المذاہب رواداری کے فروغ کے لئے شیح الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی قیادت میں مصروف عمل ہے۔ یہی وجہ ہے کہ عالمی سطح پر انہیں سفیر امن کا حطاب دیا گیا ہے۔ اور آج ہماری دعوت پر اس پروگرام میں پاکستان کے تمام مذاہب کے سرکردہ راہنما جن میں پارسی، ہندو، سکھ اور مسیحی شامل ہیں۔ یہاں تشریف فرما ہیں ہم قرآن و سنت کی روشنی میں دیگر مذاہب کے ساتھ عالمی سطح پر روا داری، باہمی اخوت اور ہم آہنگی کے فروغ کے لئے عملی کاوشیں کر رہے ہیں۔

ہم سانحہ گوجرہ اور دیگر تمام واقعات جن میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع انتہائی افسوس ناک ہے ہم اس اندوہناک واقعہ کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ ڈائریکٹوریٹ آف انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن انٹرنیشنل ملک کے تمام مذاہب کے ساتھ مل کر ملک و ملت کی تعمیر، قیام امن اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے مصروف عمل ہے۔ ہم پاکستان کو صحیح معنوں میں قائد اعظم کا پاکستان بنانا چاہتے ہیں۔ ہم حکومت وقت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ سانحہ گوجرہ میں ملوث عناصر کے خلاف عدالتی تحقیقات کے بعد انہیں عبرت ناک سزا دی جائے۔

محمد جواد حامد ڈائریکٹر اجتماعات تحریک منہاج القرآن نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں مذہبی دہشت گردی کی اصل وجہ تعلیم کی کمی ہے۔ ہمیں مل کر جہالت کے خلاف جہاد کرنا ہوگا اور ملک کی قیادت اہل اور با کردار افراد کو دینا ہوگی۔

نوشیر ایف دستور (پارسی راہنما) نے کہا کہ قائد اعظم نے اس ملک کو امن و سلامتی کا گہوارہ بنایا تھا لیکن آج ہم جن بحرانوں سے گزر رہے ہیں وہ انتہائی افسوس ناک ہیں مسلمان ہی مسلمان کا دشمن بنا ہوا ہے۔ ہمیں باہمی اتفاق و اتحاد سے مل کر اس رجحان کو روکنا ہوگا۔ منہاج القرآن کا کردار ان حالات میں قابل ستائش ہے۔

سردار کلیان سنگھ کلیان راہنما گرونانک مشن آف پاکستان نے کہا کہ میں سب سے پہلے کائنات کے محسن انسانیت حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے عظیم پیرو کار پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہر القادری کو سلام عظمت پیش کرتا ہوں جو دیگر تمام مذاہب کے ساتھ محبت اور اخوت کا عملی مظاہرہ کرتے ہیں ہمیں وہ اپنا سمجھتے ہیں۔ اس وقت دہشت گردی کے خطرات ہماری سوہنی دھرتی پنجاب کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ قیام پاکستان میں سکھوں میں سے سردار ہری سنگھ نے بھی قائد اعظم کا ساتھ دیا تھا۔

ڈاکٹر منوہر چاند (انچارج ہرے کرشنا مندر لاہور) نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے 11 اگست 1947ء کو اپنی تقریر میں فرمایا تھا کہ ہم سب بلا رنگ و نسل اور مذہب سب پاکستانی ہیں۔ آج اسی تصور کو ڈاکٹر محمد طاہر القادری بھی اجاگر کر رہے ہیں۔

ریورنڈ ڈاکٹر مجید ایبل (پامسٹر انچارج نولکھا چرچ لاہور) نے کہا ہم سب سے پہلے منہاج القرآن انٹرفیتھ ریلیشنز کے مشکور ہیں کہ انہوں نے ہمیں اپنے موقف کے اظہار کا موقع دیا۔

گوجرہ میں رونما ہونے والا واقعہ پوری دنیا میں پاکستان کی بدنامی کا باعث بنا۔ بعض شر پسند عناصر مذہب کی آڑ میں مسیحیوں کی جان و مال کو تباہ کر رہے ہیں۔ گوجرہ کے واقعہ میں میڈیا کا کردار قابل تحسین رہا ہے۔ ہم محب وطن پاکستانی مسیح برادری ہیں۔

پروفیسر عطاء الرحمن (معروف کالم نگار) نے کہا کہ ہمیں آپس میں لڑانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ پنجاب کی زمین پر عدم استحکام پیدا کر کے پورے ملک کو تباہی کی لپیٹ میں لانے کی مذموم کوشش ہو رہی ہے۔ ہمیں باہمی اتحاد سے ملک دشمن عناصر کے عزائم کو خاک میں ملانا ہوگا۔

سینٹر پرویز رشید معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب میں گوجرہ جیسے ہونے والے واقعات مذہبی جہالت کی وجہ سے ہو رہے ہیں جب پارلیمنٹ کو آئین کے مطابق اور ملک میں قانون کی حکمرانی نہیں ہوگی تو شر پسند عناصر خود قانون کو اپنے ہاتھوں میں لیں گے۔ آئین کی حکمرانی ہی ملک میں امن و سلامتی کی ضمانت ہے۔

تقریب کے اختتام پر تمام مذاہب کے افراد نے مل کر یوم آزادی کے حوالہ سے کیک کاٹا اور ملک کی سلامتی استحکام ترقی کے لئے سب نے مل کر دعا کی۔

تبصرہ

Top