تحریک منہاج القرآن کے 19 ویں سالانہ 'شہر اعتکاف' کی تیاریاں مکمل

تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام حرمین شریفین کے بعد دنیا کے سب سے بڑے "شہر اعتکاف" کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔ 11 ستمبر 2009ء کو دنیا بھر سے ہزاروں فرزندان اسلام تزکیہ نفس، فہم دین، توبہ اور آنسوؤں کی بستی "شہر اعتکاف" میں 10 دن کے لیے گوشہ نشین ہو جائیں گے۔ 19 ویں سالانہ "شہر اعتکاف" 2009ء کو باقاعدہ طور پر "تزکیہ نفسم، فہم دین، توبہ اور آنسوؤں کی بستی" کا نام دیا گیا ہے۔ گزشتہ سال 2008ء میں معتکفین کی انتہائی بڑھتی تعداد کے پیش نظر امسال معتکفین قرعہ اندازی کے ذریعے "شہر اعتکاف" کا حصہ بن رہے ہیں۔ ملک بھر میں تحریک منہاج القرآن کی علاقائی تنظیمات کے مخصوص کوٹے کے علاوہ معتکفین کی بڑی تعداد قرعہ اندازی کے ذریعے اعتکاف میں شرکت کر رہی ہے۔ اس سلسلہ میں قرعہ اندازی کا اعلان بھی کر دیا گیا ہے۔

تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ اور شہر اعتکاف 2009ء کمیٹی کے نگران ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے شہر اعتکاف جامع المنہاج ٹاؤن شپ میں شہر اعتکاف کی تیاریوں کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ 11 ستمبر بروز جمعۃ المبارک کو حرمین شریفین کے بعد اسلامی دنیا کے سب سے بڑے اجتماعی اعتکاف میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سرپرستی میں ہزاروں افراد معتکف ہوں گے۔ اس موقع پر شیخ زاہد فیاض، احمد نواز انجم، جواد حامد، میاں زاہد اسلام، علامہ شاہد لطیف قادری، شہزاد رسول قادری اور ملک عاقل بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ بیرونی دنیا سے خصوصی طور پر اعتکاف بیٹھنے کیلئے بڑی تعداد میں فرزندان توحید شہر اعتکاف آئیں گے اور ان کی آمد کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔ تحریک کی نظامت امورخارجہ نے ان کی سحری افطاری اور قیام کیلئے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔ وضو اور طہارت کیلئے شہر اعتکاف میں وسیع انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ انتظامیہ کی طرف سے فراہم کردہ سیکیورٹی کے علاوہ منہاج القرآن یوتھ لیگ اور مصطفوی سٹوڈٹنس موومنٹ کے 2000 نوجوان سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔ خواتین کی علیحدہ اعتکاف گاہ میں 700 خواتین سیکیورٹی کی ڈیوٹی پر مامور ہوں گی۔ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ مردوں کی طرف 25 اور خواتین کی طرف 15 میڈیکل ہیلتھ یونٹ قائم کیے گئے ہیں جبکہ مرکزی میڈیکل سینٹر میں 50 ڈاکٹرز ہمہ وقت موجود ہوں گے۔ ان میڈیکل ہیلتھ یونٹس میں ایلوپیتھک اور ہومیو پیتھک ہر دو قسم کے طریقہ ہائے علاج کی سہولت میسر ہوگی۔ اعتکاف گاہ میں ہر وقت 5 ایمبولینسز موجود ہوں گی۔

قائدین تحریک نے PHA، واپڈا، واسا، پو لیس، ضلعی اور ٹاؤن انتظامیہ کا شہر اعتکاف میں خصوصی انتظامات کرنے پر شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ اعتکاف کے دوران ان اداروں کی بھر پور معانت اسی طرح جاری رہے گی۔

ہزاروں مرد و خواتین کی سحری و افطاری کی تیاری کیلئے وسیع جگہ پر پکوائی کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ دوران اعتکاف دو شفٹوں میں پکوائی کا سلسلہ جاری رہے گا جس میں مجموعی طور پر 300 افراد کام کریں گے۔

ناظم اعلی ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ مردو ں کی اعتکاف گاہ میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے روزانہ ہونے والے خطابات کو جدید دیو قامت LCD سکرینوں کے ذریعے خواتین کی اعتکاف گاہ میں دکھانے کا انتظام بھی کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے تمام اضلاع سے اعتکاف کی ایڈوانس رجسٹریشن کروانے والے ہزاروں افراد کی لسٹیں موصول ہوچکی ہیں جبکہ عامۃ الناس کی طرف سے موصول ہونے والی درخواستوں پر قرعہ اندازی کے ذریعے بھی الاٹمنٹ کردی گئی ہے۔ 20 رمضان کو موقع پر رجسٹریشن کرانے والے معتکفین کیلئے مرکزی رجسٹریشن کیمپ مرکزی سیکرٹریٹ سے شہر اعتکاف منتقل کر دیا گیا ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کتب و کیسٹ اور سی ڈیز کے سٹال بھی شہر اعتکاف میں لگائے گئے ہیں۔

تبصرہ

Top