معروف ماہر تعلیم ڈاکٹر ظہور احمد اظہر کا کالج آف شریعہ میں توسیعی لیکچر

منہاج یونیورسٹی لاہور کے کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز میں 19 اکتوبر 2009ء کو ’’سکالرز کے لیے راہنما اصول‘‘ کے موضوع پر توسیعی لیکچر کا اہتمام کیا گیا۔ معروف ماہر تعلیم، دانشور، محقق، پنجاب یونیورسٹی کے سابق ڈین اور کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے سابق پرنسپل ڈاکٹر ظہور احمد اظہر نے یہ توسیعی لیکچر دیا۔ اس موقع پر ناظم اعلی تحریک منہاج القرآن و پرنسپل کالج آف شریعہ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، وائس پرنسپل ڈاکٹر ظہور اللہ الازہری، انچارچ ایم فل ڈاکٹر مسعود احمد مجاہد، ڈاکٹر محمد اصغر جاوید اور قائم مقام سیکرٹری کوآرڈینیشن کالج آف شریعہ پروفیسر صابر حسین نقشبندی اور دیگر معزز اساتذہ کرام بھی موجود تھے۔ توسیعی لیکچر میں ایم فل اور شریعہ کالج کے طلبہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

یہ پروگرام کالج آف شریعہ کے کانفرنس ہال میں ہوا اور تقریب کا آغاز سہ پہر 3 بجے ہوا۔ پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جو فائنل ایئر کے طالب علم قاری محمد نوید اعوان نے کی۔ نعت رسول مقبول کی سعادت کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے گولڈ میڈلسٹ قاری عنصر علی قادری اور زاہد بشیر نے حاصل کی۔
منہاج یونیورسٹی لاہور میں ایم فل کے انچار ج ڈاکٹر مسعود احمد مجاہد نے کلمات استقبالیہ ادا کیے۔ انہوں نے کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسزمیں ڈاکٹر ظہور احمد اظہر کو تشریف لانے پر خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر صاحب کا شریعہ کالج میں تشریف لانا ہمارے لیے باعث فخر ہے۔

ڈاکٹر ظہور احمد اظہر نے کہا کہ کوئی بھی معاشرہ مختلف شعبوں کے سکالرز اور محققین کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا۔ تعلیمی شعبہ میں بھی طلبہ کوصحیح سمت اور منزل کا تعین کرنا ہوگا تاکہ وہ ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کو فارسی، عربی اور انگلش پر اپنی توجہ مذکور کرنا ہو گی کیونکہ وہ تینوں زبانوں پر مکمل عبور کے بعد ہی دنیا بھر میں اسلام کا صحیح تصور پیش کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سکالرز کے لیے ضروری ہے کہ وہ قرآن و حدیث پر عبور حاصل کریں اور اسے جدید انداز میں غیرمسلموں کے سامنے پیش کریں۔ منہاج یونیورسٹی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ایک ایسا ادارہ ہے جہاں پر قدیم و جدید علوم کا حسین امتزاج موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے اس دور فتن میں نوجوانوں اور بالخصوص طلبہ میں شعور کی بیداری اور جذبہ حب الوطنی پیدا کرنا ہو گا کیونکہ طلبہ ہی ملک و قوم کے معمار ہوتے ہیں۔ کسی بھی ملک کی ترقی کا انحصار طلبہ پر ہوتا ہے۔ اگرعلم نافع کا حصول طلبہ کی اولین ترجیح بن جائے تو امت مسلمہ کا زوال عروج میں بدل سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علم کا شعور بیدار کرنے کے لیے پوری دنیا میں ہمہ جہت کوششیں کرنا ہوں گی۔

لیکچر کے اختتام پر کالج انتظامیہ نے ڈاکٹر ظہور احمد اظہر کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ اس تقریب کا باقاعدہ اختتام دعا سے ہوا۔

رپورٹ: محمد نواز شریف

تبصرہ

Top