منہاج القرآن کے مرکزی قائدین کی ارشاد احمد حقانی کی وفات پر تعزیت

تحریک منہاج القرآن کے مرکزی قائدین کے وفد نے ارشاد احمد حقانی کی وفات پر ان کے بیٹے ڈاکٹر نعمان اور دیگر اہلخانہ سے تعزیت کی ہے۔ اس سلسلہ میں 25 جنوری 2010ء کو تعزیتی وفد مرحوم کی رہائش گاہ پر گیا۔ وفد میں ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلشنز سہیل احمد رضا، ناظم اجتماعات جواد حامد اور قاضی محمود الاسلام سمیت دیگر مرکزی قائدین بھی شامل تھے۔ وفد نے قل خوانی میں شرکت کرنے کے بعد ارشاد احمد حقانی کے اہلخانہ سے تعزیت کرتے ہوئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا خصوصی تعزیتی پیغام بھی پہنچایا۔ سہیل احمد رضا نے کہا کہ شیخ الاسلام نے ارشاد احمد حقانی کی وفات گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شیخ الاسلام نےحقانی صاحب کی وفات کو دنیائے صحافت کے لیے عظیم نقصان قرار دیا ہے۔ شیخ الاسلام نے کینیڈا سے اپنے تعزیتی بیان میں یہ بھی کہا کہ مرحوم ممتاز صحافی، سیاسی تجزیہ نگار، سچے مسلمان، محب وطن اور قومی اثاثہ تھے۔ بالخصوص وہ جنگ اخبار میں اپنے معروف کالم "حرف تمنا" کے ذریعے سے عوام و خواص میں بہت مقبول تھے۔ مرحوم حکمرانوں کی بڑی دیانت داری اور حکمت سے راہنمائی کرتے اور عوام الناس میں بیداری شعور کا فریضہ سرانجام دیتے رہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ ان کی وفات سے قوم ایک صاحب اسلوب صحافی اور ہمدرد انسان سے محروم ہوگئی۔ سہیل احمد رضا نے ارشاد احمد حقانی کے اہلخانہ کو بتایا کہ کینیڈا میں شیخ الاسلام نے مرحوم کے لیے دعائے مغفرت بھی کی ہے۔

اس موقع پر صوبائی وزیر خزانہ چودھری تنویر اشرف کائرہ، سابق گورنز پنجاب میاں خالد مقبول، عارف نظامی چیف ایڈیٹر روزنامہ دی نیشن اور ایم ڈی لال قلعہ ہوٹل مانچسٹر چودھری اختر علی بھی تعزیت کے لیے موجود تھے۔ تحریک منہاج القرآن کے وفد نے تمام دیگر حاضرین کے ساتھ ارشاد احمد حقانی کے لیے دعائے مغفرت اور مرحوم کے لیے لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔

تبصرہ

Top