گوشہ درود کے دورہ دلائل البرکات کا افتتاحی پروگرام

تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ پر گوشہ درود کی ماہانہ مجلس ختم الصلوٰۃ علی النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے کامیاب انعقاد کے بعد سالکین حق اور متلاشیان عشق و تصوف کے لیے "دورہ دلائل البرکات" کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ گوشہ درود کے زیراہتمام "دورہ دلائل البرکات" شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی خصوصی اجازت سے شروع کیا گیا ہے۔ یہ آپ کی کتاب "دلائل البرکات فی التحیات والصلوت" کی مجلس تلاوت و سماع پر مشتمل 10 ماہ کاخصوصی دورہ ہے جو ہر انگریزی ماہ کے پہلے ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب منعقد ہوگا۔ دورہ کی ہر نشست میں شیخ الاسلام کی منتخب کتاب "دلائل البرکات فی التحیات والصلوت" سے تقریباً 250 صفحات پر مشتمل ایک حزب (باب) کا سماع شیڈول میں شامل کیا گیا ہے۔

اس سلسلے کا افتتاحی پروگرام 9 جنوری 2010ء کو گوشہ درود کے ہال میں ہوا۔ دورے کی افتتاحی نشست کو محدود سطح پر شروع کیا گیا، جس کے لیے گوشہ درود انتظامیہ نے دعوت نامے جاری کیے تھے۔ افتتاحی نشست کی صدارت شیخ الحدیث علامہ معراج الاسلام نے کی جبکہ قائمقام ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض نےاس میں خصوصی طور پر شرکت کی۔ اس کے علاوہ تمام شرکاء باوضو اور مجلس کے آداب کے مطابق خصوصی تیاری کے ساتھ یہاں موجود تھے۔

نماز عشاء کے بعد اس روحانی نشست کا باقاعدہ آغاز قاری حامد علی نے تلاوت قرآن پاک سے کیا۔ قاری انصر علی قادری نے گوشہ درود کے منتخب درود پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پڑھنے کا شرف حاصل کیا۔ اس کے بعد شیخ الحدیث علامہ معراج الاسلام نے فضیلت دورد پاک پر مختصرگفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ دورد پاک دنیا کی واحد قطعی القبول عبادت ہے جو ساری کائنات میں ہر لمحہ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم خوش قسمت ہیں کہ منہاج القرآن کے سیکرٹریٹ پر قائم گوشہ درود میں جمع ہیں جہاں ہر وقت درود پاک پڑھا جا رہا ہے۔ درود پاک کی اس عبادت کو اللہ تعالیٰ نے قبول کرنے کا وعدہ فرمایا ہے۔

علامہ معراج الاسلام نے افتتاحی نشست میں "دلائل البرکات" کے منتخب حصہ کو بیان کیا اور تمام شرکاء نے اس کا سماع کیا۔ شیخ الحدیث نے دلائل البرکات کے منتخب باب کو انتہائی علمی لیکن آسان فہم انداز میں بیان کیا، جس کا تمام شرکاء نے نہایت ادب اور ذوق سے سماع کیا۔

افتتاحی نشست کے شرکاء میں جی ایم ملک، علامہ پیر غالب پرویز لاہوری، چودھری محمد اشرف، الحاج محمد سلیم قادری، حاجی محمد الیاس قادری، راؤ اقتدار علی خان، سید مشرف حسین شاہ، شوکت علی قادری، حاجی منظور حسین قادری، میاں عبدالقادر، امتیاز حسین اعوان، غلام نبی قادری، اخلاق احمد طور، صاحبزادہ افتخار الحسن، قاری حافظ عمران، قاری محمد رمضان، ریاض احمد قادری، آفتاب بھٹی، احمد خان اعوان، سجاد العزیز قادری، صابر قادری، مختار احمد، ذوالفقار علی، معید شریف اور عرفان احمد شامل تھے۔

دورے کا باقاعدہ اختتام رات گئے خصوصی دعا سے ہوا، جس کے بعد تمام شرکاء کے لیے سحری کے تبرک بھی اہتمام کیا گیا تھا۔

رپورٹ: ایم ایس پاکستانی

تبصرہ

Top