قومی کرکٹ ٹیم کے سٹار آل راؤنڈر سہیل تنویر کی منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ آمد

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سٹار آل راؤنڈر سہیل تنویر 10 فروری 2010ء کو تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ تشریف لائے۔ آپ منہاج یونیورسٹی کے ہفتہ تقریبات میں مہمان خصوصی کے طور پر مدعو تھے۔ منہاج القرآن کے مرکزی ناظم انٹرفیتھ اینڈ ریلیشنز سہیل احمد رضا، کالج آف شریعہ کے کوآرڈینیٹر میاں محمد عباس نقشبندی، منہاج پروڈکشنز سے خرم خالد اور بزم منہاج کی پروٹوکول کمیٹی نے سہیل تنویر کا شاندار استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر طلبہ نے سہیل تنویر کو گلدستہ پیش کیا گیا۔

سہیل احمد رضا اور خرم خالد نے سہیل تنویر کو مرکزی سیکرٹریٹ کے مختلف شعبہ جات کا خصوصی وزٹ کرایا۔ اس موقع پر نظامت امور خارجہ، سیل سینٹر اور دیگر شعبہ جات میں انہوں نے گہری دل چسپی کا مظاہرہ کیا۔ شعبہ جاتی وزٹ کے دوران تحریک منہاج القرآن اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی خدمات کے حوالے سے تفصیلی تعارف کرایا گیا۔ بعد ازاں سہیل تنویر نے منہاج یونیورسٹی کے ہفتہ تقریبات میں بھی شرکت کی۔

اس پروگرام کے بعد کالج آف شریعہ کے وائس پرنسپل ڈاکٹر ظہور اللہ الازھری، میاں محمد عباس نقشبندی اور ڈاکٹر اصغر جاوید قادری کے ساتھ خصوصی ملاقاتی نشست ہوئی۔ ملاقات میں انہوں نے معزز مہمان کو منہاج یونیورسٹی اور کالج آف شریعہ کے حوالے سے تفصیلی تعارف بھی کرایا۔ اس موقع پر سہیل تنویر نے کہا کہ وہ منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں پہلی بار تشریف لائے ہیں۔ جہاں انہیں ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے علمی مقام کو پرکھنے کا موقع ملا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ یہاں آ کر ڈاکٹر طاہرالقادری کی خدمات سے بے حد متاثر ہوئے ہیں۔

ملاقات کے اختتام پر انہیں کالج آف شریعہ کی طرف سے شیخ االاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سی ڈیز اور کتب کے تحائف بھی دیے گئے۔ منہاج القرآن کے ناظم بین المذاہب تعلقات سہیل احمد رضا نے سہیل تنویر سے ملاقات کے دوران ان کی یہاں آمد کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ سہیل تنویر کی شاندار کارکردگی سے پاکستان نے اولین ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کے فائنل تک رسائی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ سہیل تنویر کی جلد فٹنس کے لیے دعا گو ہیں اور شائقین انہیں دوبارہ پاکستان کرکٹ ٹیم میں دیکھنا چاہتے ہیں۔

رپورٹ : ایم ایس پاکستانی

تبصرہ

Top