منہاج القرآن علماء کونسل کے زیراہتمام ضیافت میلاد

منہاج القرآن علماء کونسل کے زیراہتمام 23 فروری 2010ء کو ضیافت میلاد کی عظیم الشان تقریب مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوئی، جس کی صدارت منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے صدر صاحبزادہ حسن محی الدین القادری نے کی، جبکہ مہتم جامعہ صدیقیہ باغبانپورہ علامہ محمد اصغر صدیقی، مہتم جامعہ فاروقیہ اقبال ٹاؤن مفتی محمد زمان ایازی، صدر علماء کونسل اور معروف دینی سکالر حضرت علامہ صاحبزادہ محمد شہزاد مجددی اور رحیم یار خان سے علامہ حافظ عبدالقیوم مہمان خصوصی تھے۔ اس کے علاوہ لاہور بھر سے علماء و مشائخ کی کثیر تعداد نے ضیافت میلاد میں شرکت کی۔

منہاج القرآن کے مرکزی قائدین میں سے مرکزی ناظم منہاج القرآن علماء کونسل سید فرحت حسین شاہ، پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل انوار اختر ایڈووکیٹ، ناظم ویلفیئر ڈاکٹر شاہد محمود، مرکزی ناظم رابطہ علماء مشائخ صاحبزادہ محمد حسین آزاد الازہری، علامہ محمد عثمان سیالوی، ناظم علماء کونسل پنجاب علامہ میر آصف اکبر قادری، ناظم تربیت ڈاکٹر تنویر اعظم سندھو، سینئر نائب ناظم تربیت علامہ غلام مرتضی علوی، ناظم علماء کونسل علامہ ممتاز حسین صدیقی اور ناظم دعوت علامہ نصیر احمد صدیقی بھی پروگرام میں موجود تھے۔ تحریک کے مرکزی قائدین و سٹاف ممبران، کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے اساتذہ و طلبہ اور گرلز کالج کی اساتذہ و طالبات کے علاوہ خواتین و حضرات نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔

پروگرام کا آغاز ملک پاکستان کے نامور قاری سید صداقت علی نے تلاوت قرآن پاک سے کیا۔ بعدازاں نعت خواں حضرات نے بارگاہ سرور کون و مکان صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں گلہائے عقیدت نچھاور کئے۔

منہاج القرآن علماء کونسل کے مرکزی ناظم علامہ سید فرحت حسین شاہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ضیافت میلاد اور محافل کا انعقاد منہاج القرآن کے مشن کا پیغام مصطفویٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہے۔ اس سلسلہ کا عروج 11 ربیع الاول کی شب مینار پاکستان لاہور میں دیکھنے کو ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری فروغ عشق رسول اور ربط رسالت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پیغام کو دنیا بھر میں عام کر رہے ہیں۔

صاحبزادہ حسن محی الدین القادری نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ تحریک منہاج القرآن عشق مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فروغ کی عالمگیر تحریک ہے، اور عالمی میلاد کانفرنس اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا علمی، فکری، تحقیقی اور تجدیدی کام دنیا بھر میں عام ہو رہا ہے، ہمیں اس پیغام کو عملی طور پر آگے بڑھانا ہوگا۔ آپ کا تصنیفی کام علم و عمل اور تصوف و روحانیت کے میدان میں اپنی مثال آپ ہے۔ شیخ الاسلام عصر حاضر میں صحیح معنوں میں دین اسلام کی ترجمانی کر رہے ہیں۔

صاحبزادہ حسن محی الدین قادری نے بتایا کہ انہوں نے قاہرہ قیام کے دوران اسلامی تاریخ کے 99 شیوخ کرام پر ایک کتاب مرتب کی ہے، جو ان دنوں طباعت کے مراحل میں ہے۔ آپ کا یہ بھی کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ ہر دور کی ضرورت کے مطابق اپنے ایسے بندے دنیا میں بھیجتا ہے جو اس دور کے تقاضوں کے مطابق دین کی تجدید کا کام کرتے ہیں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری ان شیوخ میں سے ہیں، جنہوں نے انتہائی معروضی حالات میں دینی اقدار کا احیاء کیا ہے۔ آپ نے علمی خدمات کے ذریعے اسلام کے نظام کی حفاظت کا فریضہ سرانجام دیا۔ شیخ الاسلام کی قیادت میں تحریک منہاج القرآن دنیا بھر میں اسلام کی تجدید کا کام کر رہی ہے۔

پروگرام کے اختتام پر ضیافت میلاد کا خصوصی اہتمام کیا گیا تھا۔

رپورٹ: محمد نواز شریف

تبصرہ

Top