پشاور: ڈاکٹر طاہرالقادری کا پیر سید مستان علی شاہ کے وصال پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے آستانہ عالیہ تمبرپورہ شریف کے سجادہ نشین، خیبرپختون خواہ کی معروف روحانی شخصیت اور پاکستان عوامی تحریک خیبرپختون خواہ کے نائب صدر سید سجاد باچا کے والدِ ماجد پیر سید مستان علی شاہ کے وصال پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔ شیخ الاسلام کی طرف سے پاکستان عوامی تحریک خیبرپختون خواہ کے صدر خالد درانی نے  پیر سید مستان علی شاہ رحمۃ اللہ علیہ کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور ان کی بلندئ درجات کے لیے دعا کی۔

شیخ الاسلام نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ پیر سید مستان علی شاہ رحمۃ اللہ علیہ عظیم صوفی بزرگ اور روحانی شخصیت تھے، جنہوں نے ساری زندگی مخلوق خدا کی خدمت اور انہیں صراط مستقیم پر گامزن کرتےگزاری۔ وہ علم و عمل کے پیکر اور سچےعاشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم تھے۔ انہوں نے دین اسلام کی ترویج و اشاعت کے لئے مساجد اور مدارس قائم کیے اور ساری زندگی یتیم اور بےسہارا افراد کی کفالت کرتے رہے۔ وہ خیبر پختون خواہ میں مصطفوی مشن کے محافظ تھے۔ ان کے وصال سے پیدا ہونے والا خلاء کبھی بھی پر نہیں ہوسکے گا۔ شیخ الاسلام نے دعا کی کہ اللہ پاک سید مستان علی شاہ رحمۃ اللہ علیہ کے درجات بلند کرنے اور لواحقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔

دریں اثناء چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، ناظمِ اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور اور امیرِ تحریک صاحبزادہ مسکین فیض الرحمٰن خان درانی نے بھی  پیر سید مستان علی شاہ رحمۃ اللہ علیہ کے وصال پر دکھ اور غم کا اظہار کیا اور ان کے لیے دعائے مغفرت کی۔

تبصرہ

Top