تحریک منہاج القرآن ضلع شیخوپورہ کے زیراہتمام مستحق اور غریب ہم وطنوں کے درمیان گفٹس کی تقسیم

تحریک منہاج القرآن ضلع شیخوپورہ کی ذیلی تنظیم واڑہ امام دین شرقی (مانانوالہ) کے زیراہتمام مرکزی آفس میں علاقہ کے مستحق اور غریب ہم وطنوں کو عیدالاضحیٰ کی خوشیوں میں شریک کرنے کےلئے مستحقین اور ضرورت مند لوگوں میں عید گفٹس تقسیم کرنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں مستحقین اور یتیم بچوں میں عید گفٹ تقسیم کئے گئے۔ تحریک منہاج القرآن واڑہ امام دین شرقی کے صدر رانا تجمل خان نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سرپرستی میں دکھی انسانیت کی خدمت کے لئے ہمہ وقت کوشاں ہے۔

ناظم منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن میاں محمد اشتیاق نے کہا کہ منہاج ویلفیئر حقیقی معنوں میں پاکستان سمیت دنیا بھر میں عوام الناس کی فلاح و بہبود کےلیے اپنا خصوصی کردار ادا کررہی ہے اور یہ کام خدمت خلق کے جذبے کے تحت کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت جلد مزید پروجیکٹ بھی شروع کئے جارہے ہیں جن سے عوام الناس کو خصوصی طور پر زندگی کی بنیادی ضروریات فراہم کی جائیں گی اور آئندہ بھی منہاج القرآن کے پلیٹ فارم سے یہ سلسہ جاری رہے گا۔

اس تقریب میں ناظم چوہدری عمران جمیل، ناظم مالیات محمد اشفاق انجم، نائب ناظم محمد سرور رحمانی، ناظم کوآرڈینیشن میاں ذیشان سرور، نائب ناظم ویلفیئر میاں ذیشان ارشد، محمد اکرم (ممبر) اور عبدالشکور (ممبر) موجود تھے۔ علاقہ کے لوگوں نے تحریک منہاج القرآن کی اس اہم خدمت کو خصوصی طور پر سراہا۔ تقریب کا اختتام دعا سے ہوا۔

تبصرہ

Top