تحریک منہاج القرآن (تحصیل شرقپور شریف) کے زیراہتمام بیداری شعور کنونشن

تحریک منہاج القرآن تحصیل شرقپور شریف کے زیراہتمام مورخہ 11 ستمبر 2012ء بروز منگل منہاج القرآن ماڈل ہائی سکول شرقپور شریف میں بیداری شعور کنونشن کا انعقاد کیا گیا جس میں تحصیل بھر سے سینکڑوں مرد و خواتین نے شرکت کی۔ پروگرام کے مہمان خصوصی مرکزی ناظم تربیت علامہ ڈاکٹر غلام مرتضی علوی تھے۔

پروگرام کا آغاز زینت القرآء الشیخ القاری محمد ظفر اقبال زین العابدین المصری نے تلاوت کلام پاک سے کیا جس کے بعد حافظ محمد اعظم نے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا شرف حاصل کیا۔ بعد ازاں سٹیج سیکرٹری رانا محمد عثمان غنی نے چوہدری محمد رفیع رضا صدر تحریک منہاج القرآن تحصیل شرقپور شریف کو خطبہ استقبالیہ کے لیے دعوت دی۔ انہوں نے معزز مہمانان گرامی کی تشریف آوری پر انکا شکریہ ادا کیا اور پروگرام کی غرض و غایت سے شرکاء کو آگاہ کیا۔

خطبہ استقبالیہ کے بعد مہمان خصوصی علامہ ڈاکٹر غلام مرتضی علوی کو دعوت خطاب دی گئی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں شرکاء کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی عالمی سطح پر خدمات پر روشنی ڈالی اور ان کے مجددانہ کام کا تعارف پیش کرتے ہوئے شرکاء کو بتایا کہ شیخ الاسلام ناصرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر امت مسلمہ کے پیغام امن و محبت کو عام کرنے کے لیے شب و روز مصروف عمل ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ پاکستان کی موجودہ صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مہنگائی، بیروزگاری، لوڈشیڈنگ، خود کشیوں، لوٹ مار، کرپشن اور بے راہ روی کے خاتمہ کے لیے موجودہ انتخابی سسٹم کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہوگا جس کے لیے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے پاکستانی قوم کو ایک نوید سحر دی ہے۔ وہ بہت جلد پاکستان تشریف لا رہے ہیں اور ان شاءاللہ پاکستانی قوم ان کے ساتھ کھڑی ہو تو وہ وقت دور نہیں جب ظلمتوں کے اندھیرے چھٹ جائیں گے اور یہ قوم وہی پاکستان دیکھے گی جس کا خواب علامہ اقبال، قائد اعظم اور ان لاکھوں لوگوں نے دیکھا تھا جنہوں نے پاکستان کے لیے قربانیاں دیں۔

اس کے ساتھ ہی علامہ ڈاکٹر غلام مرتضی علوی نے شرقپور شریف کی تمام یونین کونسلز میں ذاتی طور پر وزٹ کرنے کا اعلان کیا اور تمام یونین کونسلز کو شیڈول دیتے ہوئے تیاری کے لیے ٹارگٹس دے دیے۔

پروگرام کا اختتام امت مسلمہ، پاکستان کی سلامتی اور بقاء اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی صحت و سلامتی کی دعا کے ساتھ ہوا۔

پروگرام میں جن نمایاں تحریکی ساتھیوں نے شرکت کی ان میں حاجی عبدالمصطفی قادری، اختر علی ملک، ملک اقبال حسین، آصف علی قادری، سید انکسار حسین شاہ، حاجی محمد اسلم قادری، حاجی ناظم سلیم، ارشد علی، محمد اویس فرزند، محمد فاروق، قاری محمد یونس سیفی اور ڈاکٹر محمد ذوالفقار شامل تھے۔

رپورٹ: امجد پرویز ملک (ناظم نشر و اشاعت، تحریک منہاج القرآن تحصیل شرقپور شریف)

تبصرہ

Top