نارنگ منڈی: تحریک منہاج القرآن کے وفد کی پیر حسین شاہ سے ملاقات، مصطفوی مشن کی معاونت پر اظہارِ تشکر

تحریک منہاج القرآن نارنگ منڈی کے سرپرست صوفی محمد افضل قادری نے تحریک منہاج القرآن کے عہدیداران اور کارکنان کے ہمراہ آستانہ عالیہ پیر بابا بنیر شریف کے سجادہ نشین پیر سید حسین شاہ سے ملاقات کی۔ وفد نے پیر سید علی ترمذی کے دربار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ وفد نے آستانہ کی لائبریری کے لیے مرکزی سیکرٹریٹ کی طرف سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کتب کا سیٹ بطور تحفہ دیا۔

پیر سید حسین شاہ نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری، چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، ناظمِ اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈا پور، ڈائریکٹر امور خارجہ منہاج القرآن انٹرنیشنل جی ایم ملک اور دیگر مرکزی و مقامی قائدین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بلاشک و شبہ شیخ الاسلام موجودہ دور کے مجدد ہیں اور امت مسلمہ کے اتحادکے داعی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب پورے پاکستان میں طالبان اور خوارج کا دور دورہ تھا، خود پیر بابا کے مزار کو مسمار کرنے کی ناپاک کوشش کی گئی اور قبضہ کرلیا گیا تو منہاج القرآن کے کارکنان نے قیادت کے حکم پر مزار کا دفاع کیا۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی فروغِ امن کی کاوشوں کا حوالے دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام نے دہشت گردی اور فتنہ خوارج کے خلاف فتویٰ دے کر ثابت کیا کہ بےگناہ معصوم بچوں، خواتین، بوڑھوں، مساجد، امام بارگاہوں اور سکولوں پر حملہ کرنے والے جہنمی ہیں ان کا دین اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔

پیر سید حسین شاہ کا مزید کہنا تھا کہ شیخ الاسلام امت مسلمہ کے اتحاد اور صوفی ازم کی جو خدمت کر رہے ہیں وہ قابل ستائش ہیں۔ میں اپنی اور اپنے تمام متوسلین کے ساتھ مصطفوی مشن میں ا ن کے شانہ بشانہ کھڑا ہوں۔

انہوں نے صوفی محمد افضل قادری، عامر مشتاق اور ان کے ساتھ آنے والے وفد کا شکریہ ادا کیا اور مصطفوی مشن کے ساتھ اپنی بھرپور وابستگی اور تعاون کا یقین دلایا۔

رپورٹ: محمد وسیم افضل

تبصرہ

Top