سانحہ ماڈل ٹاون کے زخمی و اسیر صوفی محمد طفیل ڈار کی نماز جنازہ
سانحہ ماڈل ٹاؤن کے زخمی اور اسیر، سابق صدر منہاج القرآن شیخوپورہ صوفی محمد طفیل ڈار کی نماز جنازہ شیخوپورہ میں ادا کی گئی۔ مرحوم کی نماز تحریک منہاج القرآن کی مرکزی جامع مسجد ماڈل ٹاون کے امام جنازہ قاری اللہ بخش نقشبندی نے پڑھائی۔ تدفین ان کے آبائی علاقہ شیخوپورہ میں کی گئی۔ نماز جنازہ میں بڑی تعداد میں منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان نے شرکت کی۔
قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے زخمی اور اسیر، سابق صدر منہاج القرآن شیخوپورہ صوفی محمد طفیل ڈارکے انتقال پر دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے آڈیو لنک پر مغفرت کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم منہاج القرآن کے ایک نظریاتی رہنما تھے اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کے موقع پر درندہ صفت پولیس اہلکاروں کے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنے اور آخری سانس تک شہدائے ماڈل ٹاؤن کے انصاف کے لئے قانونی جدوجہد میں شریک رہے۔
نماز جنازہ میں نائب ناظم اعلیٰ کوآرڈنیشن انجینئر محمد رفیق نجم، نائب صدر پاکستان عوامی تحریک راجہ زاہد محمود، عارف چوہدری، عین الحق بغدادی، چوہدری افضل وڑائچ، شکیل اعوان، آصف سلہریا ایڈووکیٹ و دیگر مرکزی، صوبائی، ضلعی رہنماؤں کے ساتھ ساتھ مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، صدر منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور، جی ایم ملک، نور اللہ صدیقی، بشارت جسپال، میاں ریحان مقبول و دیگر رہنماؤں و کارکنان نے صوفی محمد طفیل کے انتقال پر تعزیت کا اظہار اور انکی مغفرت و درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔
تبصرہ