شیخوپورہ: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا میلادِ مصطفیٰ ﷺ کانفرنس سے خطاب
میلاد کانفرنس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور مرد و خواتین کی بڑی تعداد میں شرکت
منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے شیخوپورہ میں منعقدہ میلادِ مصطفیٰ ﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حضور نبی اکرم ﷺ کی سیرت کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ صبر، تحمل، حلم، برداشت، عفو و درگزر اور رحمت کا پیکر تھے۔ اگر کوئی طبیعت پر گراں گزرنے والی بات بھی کر دیتا، تو آپ ﷺ صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے اور اپنے چہرہ مبارک پر ناگواری کے اثرات بھی ظاہر نہ ہونے دیتے۔
انہوں نے انسانی نفسیات بتاتی ہے کہ اگر ہنسانے والی بات ہوگی تو انسان ہنسے گا، اگر دکھ کی بات ہوگی تو انسان دکھی ہوگا، اگر خوشی کی بات ہوگی تو انسان خوش ہوگا، مگر سیرت طیبہ میں طائف، احد، بدر، خندق، حدیبیہ، شعبِ ابی طالب، ہجرت مدینہ، اور کفار و مشرکین کی ایذا رسانیوں کو دیکھیں کہ ہر موقع پر آقا کریم ﷺ شانِ عفو میں بیٹھے ہیں اور ہر حال میں اللہ کی رضا پر راضی ہیں۔ آپ ﷺ کی محنت، ایثار، قربانی، غم اور خوشیاں سب اللہ کے لیے تھیں۔
ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے مزید کہا کہ آقا علیہ السلام کو اللہ کی طرف سے عطا کردہ رحمت یہ تھی کہ کوئی معلم ایسا نہ آیا جو آپ ﷺ جیسا پڑھا اور سکھا سکے۔ آپ کی سیرت طیبہ اور سنت مطہرہ سے حکمت کے خزانے اور چشمے پھوٹتے ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حضور ﷺ اپنی سیرت طیبہ کے ذریعے لوگوں کو جوڑنے والے تھے۔ ہمیں سوشل میڈیا کو حق کے لیے استعمال کرنا چاہیے، ورنہ یہ بے حیائی کا سبب بن سکتا ہے۔ سوشل میڈیا پر ہمیں ان لوگوں کو سننا اور دیکھنا چاہیے جن کی باتوں سے اللہ یاد آئے۔ انہوں نے آخر میں فرمایا کہ اگر ہم دنیا و آخرت کی کامیابی جاہتے ہیں تو ہمیں حضور تاجدارِ کائنات کے اخلاق حمیدہ کو اپنانے کی ضرورت ہے۔
چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے میلاد کانفرنس کے شاندار انعقاد پر تحریک منہاج القرآن (شیخوپورہ) و جملہ فورمز کے ذمہ داران اور منتظمین کو مبارکباد دی۔
تقریب میں مرکزی نائب ناظم اعلیٰ علامہ رانا محمد ادریس قادری، میاں زاہد اسلام، رانا وحید شہزاد، میاں عنصر محمود، آصف سلہریا ایڈووکیٹ، عدنان وحید قاسمی، ملک کلیم ناصر ایڈووکیٹ، عبد الحمید مصطفوی، میاں سرفراز، ملک شکیل اعوان، شبیر مغل، علامہ اقبال احمد اکبر، رانا زوالفقار، عطاء المصطفی، اُم حبیبہ اسمعیل، صائمہ نور، مسز آسیہ حمید، راحت ممتاز مسز عظمیٰ ناصر سمیت تحریک منہاج القرآن شیخوپورہ کے جملہ فورمز کے قائدین و کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تبصرہ