منہاج القرآن انٹرنیشنل بارسلونا سپین کے زیر اہتمام عید ملن پارٹی کاانعقاد

منہاج القرآن انٹرنیشنل بارسلونا کے زیراہتمام مورخہ 27 نومبر 2010ء کو منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں عید ملن پارٹی کا اہتمام کیا گیا جس میں منہاج القرآن کے رفقاء اور وابستگان کے علاوہ مسجد کے مستقل نمازیوں، اہل محلہ اور منہاج ویمن لیگ سپین کی ممبران نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت حافظ محمد عابد نقشبندی نے حاصل کی۔ بعد ازاں منہاج یوتھ لیگ سپین کے حافظ محمد عاطف نے بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں ہدیہ عقیدت پیش کیا۔

منہاج القرآن سپین کے صدر مرزا محمد اکرم بیگ نے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور استقبالیہ گفتگو کی۔ منہاج القرآن یوتھ لیگ سپین کی نمائندگی کرتے ہوئے صدر احسن جاوید خان اور بلال یوسف مصطفوی نے منہاج القرآن یوتھ لیگ کی پریزنٹیشن دی جس کو بہت پسند کیا گیا۔ انہوں نے تفصیل کے ساتھ منہاج القرآن یوتھ لیگ سپین کی کارکردگی، مختلف سرگرمیاں اور اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔

منہاج مصالحتی کونسل کے صدر محمد اقبال چودھری نے منہاج القرآن بارسلونا کے قیام سے اب تک کے اہم کارناموں اور سماجی میدانوں میں کی جانے والی کاوشوں پر تفصیل کے ساتھ روشنی ڈالی۔ پروگرام کی نقابت کے فرائض سپین کے سیکرٹری جنرل نوید احمد اندلسی نے ادا کئے اور پروجیکٹر سکرین کے ذریعے منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین، منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن، منہاج مصالحتی کونسل، منہاج القرآن یوتھ لیگ، منہاج کرکٹ کلب، منہاج ویمن لیگ اور منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں ہونے والی مختلف دینی، تعلیمی، فلاحی اور سماجی سرگرمیوں کے بارے میں بتایا اور ان کی تصاویر دکھائیں۔ نیز منہاج القرآن کے عالمی نیٹ ورک اور اس کے اغراض و مقاصد بھی تفصیل کے ساتھ بیان کئے۔

اس موقع پر شرکاء کو پروجیکٹر سکرین پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی ڈاکومنٹری فلم بھی دکھائی گئی۔ امیر منہاج القرآن سپین علامہ عبدالرشید شریفی نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور ان کو اس عظیم تحریک میں باقاعدہ طور پر شامل ہونے کی دعوت دی۔ پروگرام کے اختتام پر مہمانوں کو پر تکلف کھانا دیا گیا اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی طرف سے ڈاکومنٹریز پیش کی گئیں۔

رپورٹ : محمد عثمان قادری

تبصرہ

Top