منہاج القرآن انٹرنیشنل سویڈن کے زیراہتمام پیغام امن اور سیرت کانفرنس

مورخہ: 14 جون 2010ء

منہاج القرآن انٹرنیشنل سویڈن کے زیراہتمام ’’پیغام امن اور سیرت کانفرنس‘‘ 14 جون 2010ء کو سٹاک ہوم میں منعقد ہوئی۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے صدر صاحبزادہ حسن محی الدین قادری تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل کے سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن یورپ کے ڈائریکٹر علامہ حافظ اقبال اعظم بھی معزز مہمانوں میں شامل تھے۔ کانفرنس میں منہاج القرآن سے وابستہ کارکنان و وابستگان کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔

کانفرنس کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا، جس کی سعادت سید ذوالفقار علی شاہ نے حاصل کی جبکہ علی احمد، محمد ندیم، سید ذوالفقار علی شاہ اور راجہ تنویر نے بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں ہدیہ نعت پیش کیا۔ تقریب کی نقابت کے فرائض شفقت کھٹانہ ایڈووکیٹ نے ادا کئے۔

صاحبزادہ حسن محی الدین قادری نے کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام امن اور سلامتی کا دین ہے جو عالمی قیام امن کا پیغام دیتا ہے۔ اس طرح اسلام پر عمل پیرا ہونے والا مسلمان مومن چلتا پھرتا امن کا پیکر ہے۔ آپ نے کہا کہ دہشت گردی اور انسانوں کے قتل میں ملوث عناصر کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

آپ نے کہا کہ پاکستان اور دنیا کو امن اور سلامتی کی ضرورت ہے اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا دہشت گردی کے خلاف حالیہ فتویٰ عالمی امن کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی نے اسلام کے روشن چہرے کو مسخ کرنے کی کوشش کی ہے اور اس سے اسلام کا عالمی پیغام امن بھی پس منظر میں جاتا دکھائی دے رہا ہے۔ صاحبزادہ حسن محی الدین قادری نے مزید کہا کہ ہمیں دہشت گردی کے فتنہ کا ہر سطح پر مقابلہ کرنا ہے۔ ہمیں صبر و برداشت اور انٹرفیتھ ڈائیلاگ کو فروغ دینا ہو گا۔

سویڈش سیاسی جماعت سوشل ڈیموکریٹ کی جانب سے کردستان سے تعلق رکھنے والے پارلیمنٹ کے امیدوار سرکان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سویڈش مسلمانوں نے بھی ہمیشہ دہشت گردی کی مذمت کی ہے۔ حافظ عمر مرتضیٰ اعوان نے کہا کہ تعلق باللہ، ربط رسالت اور قرآن حتمی ہدایت منہاج القرآن کا دستور العمل ہے۔

رپورٹ: حافظ عمر اعوان، عارف کسانہ (سویڈن)

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top