سویڈن: اسلام زندگی میں اعتدال و توازن کا درس دیتا ہے: شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا مالمو میں خطاب

مورخہ: 09 اگست 2018ء

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے دورہ یورپ کے دوران 9 اگست کو سویڈن مالمو میں انسان کی اخلاقی و روحانی ترقی کے موضوع پر کانفرنس سے خطاب کیا۔ کانفرنس میں شام کے معروف اسلامی سکالر شیخ تاج الدین مہمان خصوصی تھے۔ اس موقع پر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، صاحبزادہ حماد مصطفیٰ المدنی اور صاحبزادہ احمد مصطفیٰ العربی بھی موجود تھے۔ سویڈن، مالمو سے تحریک منہاج القران کے عہدیداران، کارکنان، وابستگان، رفقاء اور خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

شیخ الاسلام نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام انسانی زندگی میں اعتدال و توازن کا درس دیتا ہے۔ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے زندگی کے ہر پہلو کے حوالے سے ایسی تعلیمات عطا کیں جو زندگی میں حسین توازن پیدا کرنے کی ضمانت دیتی ہیں۔ اسلام کا یہ بنیادی اصول اس کی تمام تعلیمات اور احکام میں کار فرما ہے۔

آپ نے کہا کہ دین ادب اور حُسنِ معاملہ کا نام ہے، اچھا انسان اور اچھا مسلمان بننے کیلئے اچھے اخلاق پیدا کریں اور اس کیلئے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرتِ طیبہ کو پڑھیں، سمجھیں اور اس پر عمل پیرا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ اسلام کا فلسفہ حقوق دیگر نظام ہائے حیات کے فلسفہ حقوق سے بہت زیادہ مختلف اور ممتاز ہے۔ دنیا کے دیگر معاشرتی و سیاسی نظام حقوق کی ادائیگی کی اسلام کی بلندی و رفعت کی نظیر پیش نہیں کرسکتے جس کا مظاہرہ تعلیمات نبوی میں نظر آتا ہے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ جس بندے نے اپنے اعمال کو درست کیا، فرائض کی ادائیگی میں غفلت چھوڑ دی، نماز پنجگانہ، روزہ، حج، زکوٰۃ میں کمر بستہ رہے، غیبت، چغلی، حرام، غفلت اور گناہوں کو ترک کیا، اپنے ظاہر کو حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سنت اور اتباع کے ذریعے حسین اور آراستہ کیا، اللہ تعالیٰ اسکی جزاء میں اس بندے کے باطن کو نور آراستہ فرمادے گا۔

آخر میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کانفرنس کے شاندار انعقاد پر تحریک منہاج القران مالمو کے سید محمود شاہ، بابر شیخ، رضوان بٹ، فرحان نزیر، محمد رشید، عبدالروف، منہاج القران ویمن لیگ اور جملہ منتظمین کو مبارکباد بھی پیش کی۔ پروگرام کا اختتام دعا سے ہوا۔

تبصرہ

Top