نظامت تربیت کے زیراہتمام پیرمحل میں عرفان القرآن کورس کی تقریب تقسیم اسناد

مورخہ: 13 جون 2012ء

نظامت تربیت تحریک منہاج القرآن تحصیل کمالیہ کے زیراہتمام عرفان القرآن کورس کی تقریب تقسیم اسناد مورخہ 13 جون 2012ء کو بمقام سکالرز کالج پیر محل میں منعقد ہوئی۔ تقریب تقسیم اسناد مرد وخواتین کے لئے الگ الگ منعقد ہوئی جس میں علامہ محمد شریف کمالوی مرکزی ناظم عرفان القرآن کورس، محمد سلیم صدر تحریک منہاج القرآن پیر محل، عدیل شاہ صدر یوتھ لیگ پیرمحل، پرنسپل سکالرز کالج محمد رمضان قادری، وائس پرنسپل سکالرز کالج صائمہ چشتی کے علاوہ شرکاء کورس نے شرکت کی۔

تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کا اعزاز طالب علم کورس نے حاصل کیا۔ بعدازاں تمام شرکاء نے مل کر درود وسلام کا ورد بڑے احسن انداز میں کیا۔ محمد حسن جلیل نے تاجدار کائنات حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں ہدیہ عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔ ناظم تحریک رانا محمد اشرف نے استقبالیہ کلمات پیش کرتے ہوئے تمام مہانان گرامی اور شرکاء کا تقریب میں آمد پر شکریہ ادا کیا۔ نقابت کے فرائض صائمہ چشتی نے سرانجام دیئے۔

علامہ محمد شریف کمالوی نے مدلل خطاب کرتے ہوئے شرکاء کورس کو تحریک منہاج القرآن اور قائد تحریک شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی فکر سے آگاہ کیا کہ اس تحریک کا مقصد امت مسلمہ کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنا ہے اور عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیدا کرنا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ نظامت تربیت میں جاری دیگر کورسز کا تعارف بھی کروایا۔ بعدازاں شرکاء کورس میں اسناد تقسیم کی گئیں۔

پروگرام کے اختتام پر ملک پاکستان کی امن وآشتی اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی درازی عمر کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

رپورٹ : عظمت فرید جوئیہ

تبصرہ

Top