منہا ج القرآن انٹرنیشنل برنلے (یوکے) میں یوم والدین کی تقریب

مورخہ: 25 جون 2010ء

منہاج القرآن انٹرنیشنل برنلے (یو کے) کے زیراہتمام مورخہ 25 جون 2010 ء کو منہاج ایجوکیشن سنٹر برنلے میں ’’یوم والدین‘‘ کی ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں زیر تعلیم بچوں کے والدین نے شرکت کی۔ اس موقع پر منہاج ایجوکیشن سنٹر برنلے میں زیر تعلیم بچوں نے تلاوت، احادیث، نعتیں، دعائیں، کوئز اور اسلامک سٹڈی کے حوالہ سے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔

تقریب کے مہمان خصوصی میاں محمد رفیق نے بچوں کی صلاحیتوں کو دیکھتے ہوئے کہا کہ بچوں کی پرفارمنس سے اندازہ ہوتا ہے کہ اس سنٹر میں بڑی محنت اور لگن سے بچوں کو اسلامی تعلیمات سے روشناس کرایا جا رہا ہے، یہ وقت کی اہم ضرورت ہے کہ ہم بچوں کو اسلام کے محبت، امن اور بھائی چارے کے حقیقی پیغام سے آگاہ کریں تاکہ وہ کسی منفی سرگرمی کی طرف توجہ نہ دیں۔

حاجی محمد رزاق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارا دینی و مذہبی فریضہ ہے کہ بچوں کی تعلیم کی طرف خصوصی توجہ دیں کیونکہ تعلیم کے ذریعے ہی انسان اچھائی اور برائی میں تمیز کرنے اور اپنی ذمہ داریوں کو سمجھنے کے قابل ہو سکتا ہے۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل برنلے (یوکے) کے ڈائریکٹر علامہ شمس الرحمان آسی نے کہا کہ اولاد کی بہتر تعلیم و تربیت کے لئے والدین کا دلچسپی لینا بھی کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ جس طرح ہم سکول کی تعلیم کی طرف توجہ دیتے ہیں اس سے بڑھ کر ہمیں اس وقت مسجد اور اسلامک سنٹر کی تعلیم کی طرف توجہ دینے کی ضرورت ہے جہاں سے تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت کا زیور بھی ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سنٹر میں بچوں کو قرآن مجید پڑھانے کے ساتھ ساتھ قرآن و سنت کی حقیقی اور عملی تعلیمات سے بھی روشناس کرایا جاتا ہے۔

علامہ شمس الرحمان آسی نے ان تمام والدین کا شکریہ ادا کیا جو وقت نکال کر بچوں کی حوصلہ افزائی کے لئے تشریف لائے۔ تقریب کے اختتام پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی کے لئے اسناد دی گئیں۔

رپورٹ:ابو ابراہیم و ابن خلیل(برنلے) 

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top