لندن: لارڈ میئر آف آکسفورڈ سٹی نیاز عباسی کا ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کے اعزاز میں استقبالیہ

لندن: لارڈ میئر آف آکسفورڈ سٹی نیاز عباسی نے پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کے اعزاز میں استقبالیہ دیا۔ انہوں نے کہا اوورسیز پاکستانی کمیونٹی نے ہمیشہ اپنے آبائی وطن کی عزت و توقیر میں اضافہ کیا ہے اور برطانیہ سمیت دنیا کے دیگر ممالک میں ایسے کارہائے نمایاں سرانجام دیے ہیں کہ جس سے وطن اور عوام کی نیک نامی میں اضافہ ہی ہوا ہے۔

لارڈ میئر کونسلر عباسی نے کہا کہ مجبوری کے مارے اوورسیز پاکستانیوں نے ہر مشکل وقت میں وطن کے لیے جان و مال دے کر قربانی دی اور ایسا کسی انعام و اکرام کے حصول کے لیے نہیں بلکہ اپنا قومی فریضہ سمجھ کر کیا۔ لیکن بد قسمتی سے ملک کے اعلی عدالتی ادارے نے جس طرح ہماری بے توقیری کی ہے وہ ناقابل فہم ہے۔

پاکستانی سیاست کو وطن کی خوشحالی اور استحکام کے لیے استعمال ہونا چاہیے نہ کہ ذاتی مفادات کی خاطر۔ محب وطن بڑے طبقے کو ’’بے وفا‘‘ قرار دیا جائے اگر غدار اور بے وفا قرار دینا ہی ہے تو ان کو دیا جائے جو ملکی دولت کو لوٹ کر باہر جائیدادیں بناتے ہیں نہ کہ ان وفاداروں کو جو محنت و مشقت کی کمائی اپنے بچوں کی بجائے وطن میں رہنے والے عزیز و اقارب کی مدد کے لیے بھجواتے ہیں۔ جن کو تعلیم صحت اور روزگار دینے کی سہولتوں کی ذمہ داری ریاست کی ہے۔

اس موقع پر سماجی شخصیت واجد عباسی نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں الیکشن کمیشن کا کردار اہم ہوگا اگر انتخابات دیانتدارانہ نہ ہوئے تو ملک کے سیاسی ومعاشی نظام میں تبدیلی کی امید رکھی جا سکتی ہے۔ پاکستان عوامی تحریک کے ڈاکٹر رحیق عباسی نے کہا کہ موجودہ غیر آئینی الیکشن کمیشن کے زیر اہتمام آئندہ انتخابات مک مکا کے سوا کچھ نہیں جس میں چند ایک ہلکے امیدوار پر احتساب کی تلوار چلا کر بڑوں کو معافی مل جائے گی اور یہ بڑے آئندہ پانچ سال ملک کو لوٹنے اور عدم استحکام کوجاری رکھنے کے لیے بے تابی سے 11 مئی کے مک مکا ڈرامے کا انتظار کر رہے ہیں۔

تبصرہ

Top