برطانیہ: الیکشن مہندی کی رسم نہیں جس کا دل چاہے پلیٹ سجاکے شامل ہوجائے: علامہ محمد افضل سعیدی

الیکشن کوئی مہندی کی رسم نہیں کہ جس کادل چاہے پلیٹ سجا کے شامل ہو جائے یہ پاکستان کا آئین، ایمان، اسلام اور عقیدہ ختم نبوت کی شرط عائد کرتا ہے ان خیالات کا اظہار منہاج القرآن انٹرنیشنل برطانیہ کے صدر علامہ محمدا فضل سعیدی نے مورخہ  04 اپریل 2013ء کو بریڈفورڈ میں منعقد ہونے والے جنرل کونسل کے اجلاس میں کیا۔

انہوں نے کہاکہ آج قوم نے فیصلہ کرنا ہے کہ وہ اپنے مقدر کی بھاگ ڈور 65 سال سے قومی خزانے کو لوٹ کر کھا جانے والے نا اہل ٹیکس چوروں، اسلامی شعائر کا کھلامذاق اڑانے والوں اور مالی کرپشن میں مبتلا انہی خائن سیاست دانوں کے ہاتھ تھما دیں گے یا وہ اس ڈرامے کا بائیکاٹ کر کے جمہوریت کے نام پر جاری لوٹ کھسوٹ پر عدم اعتماد کرتے ہوئے 11 مئی کو سڑکوں پر نکل آئیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ 04 مئی کو برمنگھم کی سرزمین پر 23 دسمبر 2012مینار پاکستان کے تاریخ ساز اجتماع کا ایکشن ری پلے ہو گا، لاکھوں تارکین وطن کو ان کی قربانیوں کے بدلے پاکستان میں ملنے والی عزت اور جمہوریت کے نام پر مچی لوٹ کھسوٹ سے آگاہ کیا جائے گا

جنرل کونسل کے اجلاس میں ہیلی فیکس، لیڈز، سکاٹ لینڈ، برمنگھم، لندن، ہائی ویکمب، شیفیلڈ، اور دیگر کئی علاقوں سے کارکنان و عہدیداران شریک ہوئے۔ منہاج القران برطانیہ کے جنرل سیکرٹری عباس شاہ بخاری نے کہا کہ 04 مئی کا دن برطانیہ اور یورپ میں بسنے والے تبدیلی کے خواہاں لوگوں کا شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری سے ملاقات کا دن ہو گا، اور اس طرح آئندہ کے حوالے سے تارکین وطن کے ساتھ مل کر ایسی سیاسی اور انقلابی جدوجہد کی پالیسی کا اعلان کیا جائے گا جس سے بالآخر کرپٹ نظام کا تختہ الٹ جائے گا۔ اور آئین اور جمہوریت کا بول بال ہو گا۔

پاکستان عوامی تحریک میں گزشتہ ہفتے شامل ہونیوالے اسلامی قانون کے ماہر دانشور ڈاکٹر مسعود رضا نے کہا کہ اعلیٰ عدلیہ اور الیکشن کمیشن عوام کی آنکھوں میں دھول جھونک رہے ہیں، ایک طرف 62 کے تحت اسلامی شعائر کا مذاق اڑانے والے نظریہ پاکستان کے مخالفین سارے بد دیانت امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کر لئے گئے ہیں اور دوسری طرف63 کے تحت مالی بد عنوانیوں اور قومی خزانے کی بندر بانٹ کرنے والوں کو بھی کھلی چھٹی دے دی گئی ہے۔ ڈاکٹر مسعود رضا نے کہاکہ فراڈیوں کو جیل کے پیچھے ہونا چاہئیے تھا۔ اگر ایسے افراد کو مقدس قومی ایوانوں میں بھیجا گیا تو یہ جمہوریت کی بھی تذلیل ہو گی اور 18 کروڑ عوام کے دیانتدر، ایماندار ماسٹر اور ڈاکٹریٹ کی ڈگریاں حاصل کرنے والے غریب اور متوسط طبقات سے کھلامذاق اور انکے حقوق پرڈاکہ ہو گا۔ جس کا خمیازہ ساری قوم بھگتے گی، ان افراد کا آگے آنا قومی اداروں، عدلیہ اور الیکشن کمیشن کی کارکردگی پر سوال ہے ڈاکٹر مسعود رضا نے کہا کہ پاکستان میں بہتری چاہنے والوں کو دعوت عام ہے کہ وہ 04 مئی کو برمنگھم کے اجتماع میں بھرپور شرکت کر یں، جس میں لا قانونیت، دہشت گردی اور کرپشن کے خلاف جہاد کرنے والے عظیم قائد ڈاکٹر طاہر القادری نئے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

اجلاس میں پروگرام کے حوالے سے اہم فیصلے کئے گئے اور انتظام و انصرام اور اور یورپ بھر سے تشریف لانے والے تارکین وطن پاکستانیوں کے جذبات کو سلام پیش کیا گیا، اجلاس میں ابو آدم الشیرازی، نوید احمد، آفتاب بیگ، ارشد مرزا اور دیگر بہت سارے شرکاء نے خیالات کا اظہار کیا اور فیصلہ ہوا کہ کنونشن میں خطاب کا موضوع ’’ پاکستان میں حقیقی جمہوریت کا قیام کیسے اور کیوں ناگزیر ہے ‘‘ ہو گا

رپورٹ: شاہد جنجوعہ( ہیلی فیکس)

تبصرہ

Top