آشٹن: تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام تین روزہ تربیتی وروحانی کیمپ کا اختتام

منہاج القرآن انٹرنیشنل آشٹن اور مسلم یوتھ لیگ برطانیہ کے زیراہتمام تین روزہ روحانی تربیتی کیمپ کا اختتام ہو گیا ہے، جس میں سینکڑوں نوجوانوں نے بھرپور شرکت کی۔ کیمپ میں سیاسی، سماجی اور مذہبی شخصیات کے لیکچرز، علمی ورکشاپس اور نعت و ذکر کے ساتھ ساتھ قوالی کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔ عرب امارات کے پروفیسر نثار احمد سلیمانی نے ’’محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم رحمۃ اللعالمین اور خواتین کے حقوق‘‘ پر لیکچر دیا، جبکہ الشیخ سہیل احمد صدیقی نے اسلام اور بین المذاہب برداشت اور بہتر مسلمان بننے کی منازل پر خطاب کیا۔ الشیخ علی اکبر علوی، الشیخ ریحان احمد رضا قادری، استاد وقاص احمد امین، امام غلام محی الدین نے بھی مسلمان شناخت اور انتہا پسندی کے خاتمہ سمیت مختلف موضوعات پر گفتگو کی۔

تین روزہ کیمپ کی خصوصی بات لارڈ نذیر احمد آف رادھرم کی خصوصی شرکت تھی جس نے نوجوانوں کی زبردست حوصلہ افزائی کی۔ لارڈ نذیر احمد کی قرآن پاک کی پرسوز آواز میں تلاوت نے نوجوانوں کے جوش وجذبہ میں اضافہ کر دیا۔ انہوں نے ’’مغرب میں اسلام اور ہماری ذمہ داریاں‘‘ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان ترجیحی بنیادوں پر تعلیم کے حصول کو اہمیت دیں۔ اس کے ساتھ برطانیہ کی مقامی کمیونٹی کے ساتھ مل کر مقامی اداروں اور لوگوں میں مل جل کر رہیں۔ نظام کو سمجھیں اور اس میں اپنی کمیونٹی کی بہتری کے لیے ممکنہ مثبت تبدیلیاں لانے کے لیے سرگرم کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ہم خود کو انتہا پسندی کے خول سے باہر نہیں نکالیں گے ہم مقامی طور پر مضبوط مقام حاصل نہیں کر سکیں گے۔

منہاج القرآن برطانیہ کے سیکرٹری جنرل سید علی عباس بخاری نے کہا کہ منہاج القرآن نے اپنے نوجوان پر ہمیشہ اعتماد کرتے ہوئے ان کو دینی ودنیاوی علوم سے آگاہی حاصل کرنے پر زور دیا ہے۔ ہم شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی ہدایات اور ترجیحات کی روشنی میں برطانیہ میں مسلمان نوجوانوں کو وہ علمی شعور دینے کی جدوجہد کر رہے ہیں جن پر عمل درآمد کر کے نہ صرف انتہا پسندی کا قلع قمع کیا جا سکے بلکہ ان عوامل کا بھی سدباب کیا جا سکے گا جن کی وجہ سے ہماری کمیونٹی ترقی و خوشحالی کی دوڑ میں روز بروز پیچھے جا رہی ہے۔

کیمپ کے دوران ظفر اقبال، شہباز حسن وارثی نے تلاوت و نعت پیش کی، جبکہ قیصر محمود اور ہمنوا نے قوالی پیش کی۔ کیمپ کے آخر میں اورگنائزرز کی جانب سے آصف حبیب ملک اور محمد فاروق قادری نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

تبصرہ

Top