برطانیہ: پاکستان عوامی تحریک کے زیراہتمام ’’استحکام پاکستان‘‘ سیمینار کا انعقاد

مورخہ: 23 مارچ 2015ء

قائد اعظم کے پاکستان کا جو حال آج نااہل سیاستدانوں نے کیا ہے وہ قائد اعظم نے کبھی تصور بھی نہ کیا ہو گا، ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کا خطاب

قائد اعظم کے عوامی، فلاحی مملکت پاکستان کا جو حال آج نااہل سیاستدان کر رہے ہیں، اس کا ہمارے عظیم قائد نے کبھی سوچا بھی نہ ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے پاکستان عوامی تحریک کے زیراہتمام منعقدہ ’’استحکام پاکستان‘‘ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی، کرپشن، ذاتی مفادات، لوٹ کھسوٹ اور اپنے ہی خاندان کے اندر بندر بانٹ نے قائد اعظم کے عظیم پاکستان کا حلیہ بگاڑ کر رکھ دیا ہے۔ پاکستان کا مقصد نہ صرف ایک علیحدہ ریاست حاصل کرنا تھا، بلکہ ایک ایسا خودمختار ملک حاصل کرنا تھا جس میں ہر امیر اور غریب کو اس کے بنیادی حقوق دہلیز تک میسر ہوں، لیکن افسوس کہ ہمارے نااہل سیاستدانوں نے قرار داد پاکستان کی حقیقت کو فراموش کر کے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی روح کو تکلیف میں مبتلا کر رکھا ہے۔

یوم پاکستان کے موقع پر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ اگر بانی پاکستان جیسا مخلص، دردمند اور انتھک محنت کرنے والا لیڈر میسر ہو، پھر نیا پاکستان بھی وجود میں آ جاتا ہے، لیکن اگر قیادت کا بحران رہے تو 67 سال گزرنے کے بعد بھی ملک ملکی بقا کی جنگ لڑ رہا ہوتا ہے، کیونکہ پاکستان میں کبھی بھی حکمرانوں نے اداروں کے استحکام پر توجہ نہیں دی، سیاسی پارٹیوں پر محض چند مخصوص خاندانوں کی اجارہ داری رکھنے پر توانائیاں صرف کی جاتی ہیں۔ ذاتی مفادات، لوٹ مار اور ایک دوسرے کی کرپشن کو تحفظ دینے کے لیے مک مکا کیا جاتا ہے، کیونکہ عوام دشمن کرپٹ نظام پاکستان کو دیمک کی طرح کھائے جا رہا ہے۔ ہمارے قائد اعظم نے کبھی بھی اس طرح کا تصور نہیں کیا ہو گا، کہ ان کا نام لے لے کرملک کو بے دردی سے لوٹا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک آپریشن ضرب عضب میں پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہم اپنی غیور فوج کو دہشت گردی کو کچلنے کے لیے بھرپور انداز میں سپورٹ کرتے ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے آج سے کئی سال پہلے دہشتگردی سے نمٹنے کے لیے ایک مفصل اور جامع حل دیا تھا، جو سو صفحات پر مشتمل دہشت گردی کے خلاف فتوی تھا، کہ اس سے کیسے چھٹکارا حاصل کیا جا سکے، افواج پاکستان دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی سربلندی کے لیے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں اور یہ قربانیاں ان شاء اللہ رائیگاں نہیں جائیں گی۔

سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ڈاکٹر رحیق عباسی نے کہا کہ آج نہیں تو کل قاتلوں کا عبرتناک انجام ہو گا، وزیر داخلہ چوہدری نثار نے اگر یوحنا آباد میں توڑ پھوڑ کرنے اور دو افراد کو زندہ جلانے والوں کو فوٹیج کے ذریعے تلاش کر سکتے ہیں تو پھر کون سی ایسی مجبوری ہے کہ 14 افراد کے قاتل اور 90 افراد کو گولیوں کا نشانہ بنانے والے ویڈیو فوٹیج ہونے کے باوجود ابھی تک دندناتے پھر رہے ہیں، پاکستان عوامی تحریک نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی فوٹیج چوہدری نثار کو ارسال کی ہے اور ہم یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ ماڈل ٹاؤن میں خون کی ہولی کھیلنے والوں کو عبرتناک سزا ملنی چاہیے۔ 8 ماہ سے زیادہ کا عرصہ گزر جانے اور حکومت پنجاب کو قاتلوں کا پتہ ہونے کے باوجود آج تک کاروائی نہیں کی گئی، بلکہ ہائی کورٹ پر مشتمل معزز ججز کی کمیشن کی رپورٹ ابھی تک شائع نہیں کی جس میں پنجاب حکومت کو براہ راست ذمہ دار ٹھہرایا گیا تھا۔

استحکام پاکستان سیمینار سے پاکستان عوامی تحریک یو کے اور منہاج القرآن انٹرنیشنل کے عہدیداران نے بھی خطاب کیا۔ جن میں علامہ محمد افضل سعیدی، داؤد حسین مشہدی، سید علی عباس بخاری، مس جبین نوید، ہارون خورشید اور ساجد حسین اعوان شامل تھے۔ سیمینار کے اختتام پر ملک کی سلامتی اور ملک میں امن و امان کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

تبصرہ

Top