الیکشن کمیشن کے ہر قدم کے پیچھے سیاسی لٹیروں کے مفادات کا تحفظ ہے: ڈاکٹر طاہرالقادری

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری گزشتہ روز یورپی ممالک کا تنظیمی دورہ مکمل کرکے لندن پہنچے، جہاں پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی راہنماء ڈاکٹر رحیق عباسی، منہاج القرآن برطانیہ کے راہنماء سید علی عباس بخاری، ابو احمد آدم الشیرازی، علامہ ذیشان قادری، حاجی عبدالغفور، شاہد مرسلین، شاہد اقبال اور مبشر سہیل سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد نے ان کا استقبال کیا۔

ائیرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات کے نتائج بھی عوام کے لیے کوئی بڑی خبر نہیں لائیں گے۔ جب تک نظامِ سیاست کو درست نہیں کیا جاتا اس وقت تک قبضہ اور لوٹ مار مافیا مک مکا کے ذریعے عوام پر تسلط قائم رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن دو بڑی پارٹیوں کے سیاسی مک مکا کا بغل بچہ ہے، جس کے ہر قدم کے پیچھے سیاسی لٹیروں کے مفادات کا تحفظ ہے۔ موجودہ ملکی صورت حال پر تبصرہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانی چیف آف آرمی سٹاف کے اقدامات پر مطمئن ہیں اور امید کرتے ہیں کہ دہشت گردی اور کرپشن کا گند صاف کرنے کا مشن کسی مصلحت پسندی کا شکار نہیں ہوگا۔

ڈاکٹر محمد طاہرالقادری تاحال مکمل صحتیاب نہیں ہوئے اور آئندہ چند روز میں ان کے لندن میں مزید ٹسٹ ہوں گے۔

تبصرہ

Top