منہاج القرآن انٹرنیشنل مانچسٹر کے زیراہتمام اسرائیلی دہشت گردی کیخلاف مظاہرہ

رپورٹ: شاہد جنجوعہ (پریس سیکرٹری فرغانہ انسٹی ٹیوٹ مانچسٹر)

منہاج القرآن انٹرنیشنل مانچسٹر کے زیراہتمام اسرائیلی دہشت گردی کے خلاف مورخہ 14 جنوری 2009ء کو احتجاجی مظاہرہ ہوا۔ مظاہرے میں فرغانہ انسٹی ٹیوٹ کے پرنسپل اور نوجوانوں سکالر الشیخ محمد رمضان قادری، صدر مسلم لیگ برطانیہ ضیغم خان، مسز عتیق اللہ بٹ، مسز رمضان قادری اور ھیلی فیکس سے بالخصوص مسز حافظہ ناہید شاہد جنرل سیکرٹری ویمن لیگ نے بچوں سمیت شرکت کی۔ اس کے علاوہ پاکستانی، عرب النسل، افریقہ اور سفید فام افراد، مردو زن اور بچوں نے بھی شرکت کی۔ مظاہرین نے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جس پر جنگ بندی کے نعرے درج تھے۔

فرغانہ انسٹی ٹیوٹ کے پرنسپل اور نوجوانوں سکالر الشیخ محمد رمضان قادری نے کہا کہ فلسطین میں معصوم بچوں، عورتوں اور مجبور و بے بس عوام پر دن رات بم برسائے جا رہے ہیں، انسانی جانوں کا بے دریغ قتل عام جاری ہے، ہر طرف بے گور و کفن لاشے پڑے ہیں، کئی ہزار افراد نیلے آسمان تلے طبی امداد کے منتظر ہیں۔ بلند بالا عمارتیں اپنے مکینوں سمیت زمین بوس ہو گئی ہے۔ ہر طرف چیخ و پکار اور گریہ و زاری کا  عالم ہے۔ خون میں لت پت مریض طبی امداد نہ لینے سے آہستہ آہستہ دم توڑ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قبلہ اول کے پڑوس میں صیہونی ریاست ابھی نہیں تو کبھی نہیں کے ناپاک ارادوں کے ساتھ نبی آخر الزماں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے کلمہ گو امتیوں پر تباہ کن فاسفورس بم برسا رہے  ہیں تاکہ آئندہ کئی دہائیوں تک بھی کوئی سلامت بچہ پیدا نہ ہو سکے۔ آگ اور خون کے ان شعلوں میں بچوں، معزور افراد، خواتین اور نہتے فلسطینی عوام کی چیخ و پکار کھلے آسمان تلے عالم انسانیت اور اللہ رب العزت کی مدد و نصرت کو پکار رہی ہے مگر اللہ رب العزت کی توحید کے راگ الاپنے والے بے حس و بے غیرت حکمرانوں کی آنکھیں اور کان بند ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ عالم مغرب کے ساتھ ساتھ عالم اسلام کی خاموشی اور بے حسی معنی خیز ہے اور اس میں اب کوئی شک نہیں رہا کہ فلسطینی مسلمانوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے اس خطرناک صیہونی ریاستی دہشتگردی کی کھل کر مذمت کی اور اقوام متحدہ  سے مطالبہ کیا کہ اگر اس نے اپنی ساکھ کو برقرار رکھا ہے۔ تو یہ اس کا آخری امتحان ہے۔

اس مظاہرے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالعزیز الجزائری نے کہا کہ آج جس بے دردی سے فلسطینی عوام پر خون کی ہولی کھیلی جا رہی ہے اس میں اسرائیل اور امریکہ دونوں برابر کے شریک ہیں۔

 

نمائندہ خواتین ڈاکٹر غزالہ صدیق نے مشکل کی اس گھڑی میں مصری حکومت کے فلسطینی عوام کیلئے امدادی سامان روکنے پر سخت مذمت کی اور کہا کہ ایسا لگتا ہے مصر اسرائیلی ایجنٹ کا کردار پوری بے حسی سے نبھا رہا ہے اور یہ فلسطینی عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنا ہے۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل مانچسٹر کے صدر حاجی محمد سعید نے اپی پوری ٹیم کی طرف سے دکھ بھرے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب دنیا کو انسانی حقوق کا نام لیتے ہوئے بھی شرم آنی چاہیے۔ چھوٹے بچے تڑپ تڑپ کر مر رہے ہیں اور کسی طرف سے اسرائیلی کو حملے بند کرنے کا مطالبہ نہیں کیا جا رہا۔

مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ جنگ بندی سب سے پہلے اور باقی سب کچھ مذاکرات کی میز پر طے ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار امن فلسطینیوں کو ان کی آزاد ریاست کے قیام کا حق دیئے بغیر کبھی ممکن نہیں۔ انہوں نے جنگ بندی کا مطالبہ کیا اور بی بی سی سے غزہ انڈر فائر کا خصوصی پروگرام نشر کرنے کی اپیل کی۔

تبصرہ

Top