فرینکفرٹ: یوم پاکستان کی پر وقار تقریب کا انعقاد

مورخہ: 28 مارچ 2015ء

فرینکفرٹ جرمنی (محمد اصغر مرزا) منہاج القرآن انٹرنیشنل اور عوامی تحریک جرمنی کے زیراہتمام یوم پاکستان کے حوالے سے گزشتہ روز فرینکفرٹ کے نواحی شہر آفنباخ میں ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی قونصلر جنرل ڈاکٹر امتیاز احمد قاضی تھے جبکہ تقریب کی صدارت عوامی تحریک یورپ کے کوآرڈینیٹر اور منہاج القرآن یورپ کے میڈیا سیکرٹری جناب شکیل چغتائی (برلن) نے کی۔ نذیر احمد نے نقابت کے فرائض انجام دیتے۔ پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے علامہ عبدالطیف چشتی الازہری نے باقاعدہ آغاز کیا جبکہ نعتِ رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا نذرانہ حاجی محمد افضل قادری نے پیش کیا جس کے بعد سب نے ملکر پاکستان کا قومی ترانہ پڑھا۔

یوم پاکستان کی اس تقریب کی خاص بات جرمنی میں تمام سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے نمائندگان کی شرکت تھی اور سب بڑھ کر تمام شرکاء کی طرف سے ملک پاکستان اور اس کی ترقی کے حوالے سے اپنے خیالات اور جذبات تھے۔ سٹیج پر تقاریر کرنے والے تمام احباب نے صرف ایک ہی پیغام دیا کہ ہمیں سب سے پہلے پاکستانی بن کر سوچنا چاہیے اور آپس میں بھائی چارے پیار اور محبت کی فضا قائم رکھتے ہوئے اپنے ملک کی ترقی اور خوشخالی میں عملی اقدام کرنے چاہیے۔

اس موقع پر حمزہ طاہر افضل نے جرمن زبان میں تاریخ پاکستان اور قراداد پاکستان کے حوالے سے اپنے جذبات کا اظہار کیا اور حاضرین سے خوب داد وصول کی۔ قونصلر جنرل ڈاکٹرامتیاز احمد قاضی نے اپنے خیالات میں بھائی چارے کی فضا قائم رکھتے ہوئے جرمن کمیونٹی سے تعلقات استوار کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے ملکی حالات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ یمن میں جاری حالیہ بحران پر گورنمنٹ گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور وہاں پر پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو نکالنے کے لیے حکومت نے عملی اقدامات شروع کر رکھے ہیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی سیاسی جماعتوں کو سیاست کرنے دیں آپ یہاں پر سب سے پہلے پاکستانی ہیں بعد میں کچھ اور۔ ڈاکٹر امتیاز قاضی نے تقریب کے منتظمین حاجی محمد افضل قادری اور اُن کی جُملہ ٹیم کو اتنی شاندار تقریب کا اہتمام کرنے پر دِلی مُبارکباد پیش کی اور اِس خواہش کا اظہار کیا کہ مسقبل میں ایسی تقاریب جاری رہنے چاہیے جس میں پارٹی اَزم سے بالا صرف پاکستانیت نظر آئے۔

صدر مجلس شکیل چغتائی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے منتظمین کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا، جس کے بعد سب نے ملکر سبز ہلالی پرچم کی شکل میں بنا کیک کاٹا اور ملک پاکستان کی خوشخالی ترقی اور سلامتی کے لیئے دعا مانگی گئی۔ آخر میں حاضرین کی تواضع کے لیئے کھانا پیش گیا۔

تبصرہ

Top