گوجرانوالہ: تحریک منہاج القرآن کی سالانہ محفلِ میلادِ مصطفےٰ (ص)

تحریک منہاج القرآن پی پی 93 گوجرانوالہ کے زیرِاہتمام ایم بی پیلس ہوٹل گوجرانوالہ میں سالانہ محفل میلاد مصطفےٰ صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت خواجہ نوید حسین اللہ ہو والے کر رہے تھے۔ محفل سے خصوصی خطاب مرکزی ناظمِ دعوت تحریک منہاج القرآن علامہ ظہیر احمد نقشبندی نے کیا۔ سالانہ محفل میلاد مصطفےٰ صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم میں سابق ایم پی اے چوہدری عبدالرحمن گجر، تحریک منہاج القرآن گوجرانوالہ کے امیر عمران علی ایڈووکیٹ، ناظم محمد راشد میر، پاکستان تحریک انصاف کے راہنماء محمد علی مہر، ملک محمد شفیق، تحریک منہاج القرآن پی پی 93 کے صدر ملک محمد فاروق، منہاج القرآن یوتھ لیگ گوجرانوالہ کے صدر محمد افضل گجر، پیر علامہ نصیر احمد اویسی، علامہ عبدالحمید اویسی، علامہ محمد آصف اویسی، علامہ اعجاز الحسن جلالی، حافظ محمد نعیم نوری سمیت تحریک منہاج القرآن کے کارکنان اور عشاقانِ رسول صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بڑی تعداد شریک تھی۔

محفل کا آغاز قرآن حکیم کی تلاوت سے ہوا جس کی سعادت قاری احمد علی عباسی نے حاصل کی۔ سلسہ نعت خوانی میں اکبر علی کاہلو اور علی عارف نے بارگاہ رسالت صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم میں گلہائے عقیدت پیش کیے۔

محفل میلاد سے خطاب کرتے ہوئے علامہ ظہیر احمد نقشبندی نے کہا کہ ذکر انبیاء سے ایمان مضبوط ہوتا ہے اور قلب میں ثبات پیداہوتا ہے۔ توحید اور تمام عقائد اسلامیہ دعوے ہیں اور حضرت محمد صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم سب سے بڑی اور روشن دلیل ہے۔ دلیل ثابت ہونے سے دعویٰ ثابت ہوتا ہے، اس لئے حضور صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فضائل و کمالات کی بڑی اہمیت ہے۔ میلاد میں حضور صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کے کمالات و معجزات کا تذکرہ کر کے ایمان کو مضبوط کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دورِ حاضر کے فتنوں نے ہمیں آقا صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کے درِاقدس دور کردیا ہے جس وجہ نے ہم پر مشکلات آتی ہیں۔ نبی کریم صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اسوہ کو اپنا کر ہم آج بھی آسودہ زندگی گزار سکتے ہیں، اسی میں دنیا و آخرت کی بھلائی ہے۔

رپورٹ: رفعت اشفاق چوھان (گوجرانوالہ)

تبصرہ

Top