منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام سیلاب متاثرین کیلئے ڈگری اور گولارچی میں خیمہ بستیوں کا قیام

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام سندھ کے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے ڈگری اور گولارچی میں دو منہاج خیمہ بستیاں قائم کر دی ہیں۔ جس میں 500 سے زائد افراد مقیم ہیں۔ ہر خیمہ بستی میں 250 افراد کو عارضی رہائش دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ متاثرین کے لیے ناشتہ، دوپہر اور رات کے معیاری کھانے کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔ ڈگری میں متاثرین سیلا ب کے کیمپ کی نگرانی محمد ندیم نقشبندی کر رہے ہیں۔ جبکہ گولارچی میں حافظ عبداللہ شاہ کیمپ کے نگران ہیں۔ اس کے علاوہ متاثرین سیلاب کی مدد اور خدمت کے لیے درجنوں کار کنان بھی کام کر رہے ہیں۔

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن سندھ فلڈ ریلیف کے کوآرڈینیٹر اور تحریک منہاج القرآن سندھ کے ناظم کامران پرویز نے میڈیا کو بتایا کہ اس وقت پورے سندھ میں 80 لاکھ بچے بھی اس ناگہانی آفت کا شکار ہوئے۔ جو لاچاری اور بے چارگی کی تصویر بنے ہوئے ہیں۔ متاثرین سیلاب میں اکثریت قدرتی آفت کی وجہ سے اپنے گھروں سے بھی محروم ہو چکی ہے، جو امداد کے منتظر ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن اپنے وسائل کے مطابق متاثرین کی بحالی کے لیے کام کر رہی ہے۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے کارکنان بڑی محنت اور جانفشانی سے دن رات کام کر رہے ہیں۔

دریں اثناء منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے مرکزی ناظم تنظیمات ساجد محمود بھٹی نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے منہاج خیمہ بستیوں میں متاثرین سیلاب سے ملاقات کی اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی جانب سے اُن کے دکھ میں برابر شریک ہونے کا پیغام دیا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن متاثرین کی مستقل بحالی تک ہر ممکن مدد جاری رکھے گی۔ اس کے علاوہ اُنہوں نے خیمہ بستیوں کے انتظامات کا جائزہ بھی لیا۔اس موقع پر محمد یونس قادری اورخالد حسین بھی ان کے ساتھ تھے۔

اس سے پہلے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر افتخار شاہ بخاری نے کہا کہ متاثرین سیلاب کی بحالی کیلئے دو خیمہ بستیوں میں مقیم 500 خاندانوں کیلئے ایک ماہ کا راشن بھجوایا گیا ہے اور پورے ملک میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت امدادی کیمپس بھی لگائے گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی یا پھر میڈیا کی عدم توجہ کی وجہ سے گذشتہ سال کی طرح اس بار متاثرین سیلاب کی بحالی کیلئے وہ ملی جذبہ نظر نہیں آ رہا۔ عدم تعاون کی وجہ سے متاثرین سیلاب کو امداد پہنچانے میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن سمیت تمام فلاحی اداروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے قوم کی مدد سے متاثرین سیلاب 2010ء کو 32 کروڑ روپے کی امداد کی تھی۔ اس سال بھی لوگ سیلاب متاثرین کی بڑھ چڑھ کر مدد کریں۔ کیونکہ سیلاب متاثرین لوگوں کا سہارا ہمیں ہی بننا ہوگا۔

تبصرہ

Top