نواب شاہ: منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام سیدہ زینب رضی اللہ عنہا کانفرنس کا انعقاد

منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام ضلعی سیکرٹریٹ منہاج القرآن نواب شاہ میں عظیم الشان سیدہ زینب رضی اللہ عنہا کانفرنس منعقد کی گئی جس میں خصوصی شرکت مرکزی ناظمہ منہاج القرآن ویمن لیگ محترمہ راضیہ نوید نے کی۔ کانفرنس کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا، بعد ازاں سیدہ زینب رضی اللہ عنہا کی بارگاہ میں منقبت پیش کی گئی۔ اس موقع پر مرکزی ناظمہ تربیت محترمہ سیدہ شازیہ مظہر، ضلعی کوآرڈینٹر محترمہ مسرت ہارون بھی موجود تھیں۔

مرکزی ناظمہ منہاج القرآن ویمن لیگ محترمہ راضیہ نوید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو اپنی اولاد کی تعلیم و تربیت اپنے اسلاف کے اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہوتے ہوئے کرنی چاہیے اور مصطفوی مشن میں مکمل اخلاص اور جذبہ حسینی کے ساتھ کام کرتے ہوئے شیخ الاسلام کا سبز انقلابی پیغام گھر گھر پہنچانا ہوگا۔

مرکزی ناظمہ تربیت منہاج القرآن ویمن لیگ محترمہ سیدہ شازیہ مظہر نے اپنے خطاب نے کہا کہ آج کے اس دور ظلمات میں خواتین کو اپنے اندر جذبہ سیدہ زینب رضی اللہ عنہا کوبیدار کرنا ہوگا اور مصطفوی انقلاب کی منزل کو بھی معرکہ کربلا کی طرح صبر و استقلال سے حاصل کرنا ہوگا۔

محترمہ مسرت ہارون نے ثانی زہرہ سیدہ زینب رضی اللہ عنہا کی سیرت و جرات پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ظالم اور جابر حکمران کے سامنے کلمہ حق بلند کرنا آپ رضی اللہ عنہا کی سنت مبارکہ ہے۔

ناظمہ تربیت منہاج القرآن ویمن لیگ نواب شاہ محترمہ رخشندہ نے اپنے خطاب میں صبر سیدہ زینب رضی اللہ عنہا کوخراج عقیدت پیش کیا۔

کانفرنس کے اختتام پر سرور کونین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں درود و سلام پیش کیا گیا اور اللہ کے حضور ملک و قوم کی سلامتی کے لیے دعا کی گئی۔

تبصرہ

Top