حیدرآباد: تحریک منہاج القرآن کے زیرِ اہتمام سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس کا انعقاد

تحریک منہاج القرآن حیدرآباد کے زیرِ اہتمام 28 نومبر 2019ء کو سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس کے مہمانِ خصوصی نائب ناظم اعلٰی تحریک منہاج القرآن احمد نواز انجم تھے، جبکہ علامہ ندیم مظفر اعوان نے خطاب کیا۔

احمد نواز انجم نے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک منہاج القرآن موجودہ صدی کی مجدد نما تحریک ہے، انہوں نے شرکاء کو تحریک میں شمولیت اور مصطفوی مشن کا حصہ بننے کی دعوت دی۔ مشتاق قائمخانی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا فرض ہے کہ ہم حق کا راستہ اپنائیں‘ حق کا راستہ مشکل ضرور ہوتا ہے لیکن منزلِ مقصود اسی سے ملتی ہے۔

ندیم مظفر اعوان نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا مطالعہء سیرت کی اہمیت کے سلسلے میں علامہ ابن القیم فرماتے ہیں کہ سیرت کا علم حاصل کرنا ہر مسلمان کے لیے فرض ہے، اس لیے کہ سعادت دارین آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی لائی ہوئی رہنمائی اور ہدایت پر مبنی ہے، لہٰذا جو شخص بھی سعادت کا طالب ہو اور نجات کا خواہش مند ہو وہ آپ کی لائی ہوئی ہدایت، آ پ کی سیرت اور آپ کے معاملات سے آگاہی کا مکلف اور پابند ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ علمی اور تحقیقی اعتبار سے بھی مطالعہء سیرت کی اہمیت کافی بڑھ گئی ہے یعنی اسلامی تہذیب کی وجہ سے انسانی سطح پر جو زبردست علمی، تحقیقی اور فکری انقلاب برپاہوا جس کے ذریعہ علوم و فنون کی تحقیق اور اس میدان میں ایک نئے عالمی دور کا آغاز ہوا۔ آخریہ سب کچھ کیسے ممکن ہوا؟ اس کی تفصیلات اور اس کے حقائق تک رسائی کے لیے بھی ہمارے لیے سیرت کامطالعہ ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا پیغام ہے کہ ’میلاد مناؤ سیرت اپناؤ‘۔

کانفرنس کے اختتام پر صلاۃ و سلام کے بعد حافظ یوسف برہی نے دعا کی۔ پروگرام کے منتظمین میں تحریک منہاج القرآن تحصیل حیدرآباد سٹی کے عہدیداران عقیل بیگ، شعیب شیخ، سید مبشر، ذوہیب حسین، نعیم قریشی اور اہلِ محلہ شامل تھے۔

تبصرہ

Top