منہاج القرآن ویمن لیگ اٹلی کے زیراہتمام ورکرز کنونشن
منہاج القرآن ویمن لیگ اٹلی کے زیراہتمام مورخہ 6 جون 2010ء بروز اتوار اٹلی کے شہر کارپی میں ورکرز کنونشن منعقد ہوا جس میں صدر سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل صاحبزادہ حسن محی الدین قادری مہمان خصوصی تھے۔ ورکرز کنونشن میں منہاج ویمن لیگ اٹلی کی جملہ تنظیمات، رفقاء و وابستگان نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
صاحبزادہ حسن محی الدین قادری کی منہاج القرآن اسلامک سنٹر کارپی آمد پر شرکاء نے بھرپور استقبال کیا اور منہاج کارپی سنٹر کی بچیوں نے پھولوں کے گلدستے پیش کئے۔
کنونشن کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن مجید اور منہاج ویمن لیگ کی بہنوں کی طرف سے اجتماعی درود پاک سے ہوا، اس کے بعد منہاج ویمن لیگ رجوایملیا و مودنہ کی صدر مسز اشفاق بیگم نے صدر سپریم کونسل صاحبزادہ حسن محی الدین قادری کو خوش آمدید کہا اور ویمن لیگ اٹلی کی ایک سال کی کارکردگی رپورٹ پیش کی۔
مسز اشفاق بیگم نے رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے کام کو تین حصوں میں تقسیم کیا ہوا ہے جن میں سالانہ پروگرام، ماہانہ پروگرام اور ہفتہ وار پروگرام شامل ہیں۔ سالانہ پروگرام میں ہر سال منہاج ویمن لیگ رجوایملیا و مودنہ کے زیراہتمام ربیع الاول کا پروگرام منعقد ہوتا ہے جس میں ہزاروں خواتیں شریک ہوتی ہیں، اسی طرح ماہانہ پروگرام میں گیارہویں شریف کا اہتمام کیا جاتا ہے جبکہ ہفتہ وار پروگرام میں مختلف گھروں میں درس قرآن، نعت خوانی اور حلقہ درود کا قیام شامل ہے۔ اب تک حلقہ درود کی محافل میں 39 لاکھ دفعہ درود پاک پڑھا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان پروگراموں کو کامیاب بنانے میں مجلس شوریٰ کے صدر محمد علی بھاگت اور ڈائریکٹر اسلامک سنٹر علامہ سید غلام مصطفیٰ مشہدی کا خصوصی تعاون رہا ہے۔
صاحبزادہ حسن محی الدین قادری نے تربیتی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن کا راستہ دربار رسالت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو جاتا ہے اور یہی ہماری منزل اور مقصد ہے۔ صاحبزادہ حسن محی الدین قادری نے قرآن کی حقانیت پر کامل یقین، مقصد کے حصول تک انتھک محنت، راستہ میں پیش آمدہ مشکلات سے نہ گھبرانے اور تحریک کے ہر کام اور فیصلہ پر اپنے قائد اور شیخ کی مرضی کو مقدم جاننے پرزور دیا۔
پروگرام کے اختتام پر صدر سپریم کونسل صاحبزادہ حسن محی الدین قادری نے ویمن لیگ کو شاندار کارکردگی پر اعزازی اسناد تقسیم کیں۔
رپورٹ: سعدیہ پروین( کارپی اٹلی)
تبصرہ