منہاج القرآن انٹرنیشنل بریشیاء اٹلی کے زیراہتمام غوث الوریٰ کانفرنس

مورخہ: 27 مارچ 2012ء

منہاج القرآن انٹرنیشنل بریشیاء کے زیر اہتمام مورخہ 25 مارچ 2012ء بروز اتوار کو عظیم الشان غوث الوریٰ کانفرنس کا انعقاد کیاگیا جس میں بریشیاء اورگردونواح سے کثیر تعداد میں خواتین وحضرات نے شرکت کی۔ کانفرنس میں خصوصی خطاب کے لئے علامہ احمد رضا ہالینڈ سے تشریف لائے۔

پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت اٹلی کے مشہور نعت خواں اور قاری حاجی محمد الیاس نے حاصل کی جنہوں نے اپنی دلکش آواز سے محفل میں موجود لوگوں کے دلوں کو عشق الٰہی سے منور کیا۔ اس کے بعد سید رفاقت شاہ، جہانزیب مٹھو، اورنگزیب گولڑوی اور منہاج یوتھ لیگ کے نوجوان اویس برادران نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں نعت کی صورت میں عقیدت کے پھول نچھاور کئے۔ نقابت کے فرائض حاجی یونس بٹ نے ادا کئے۔

محفل کے مہمان خصوصی علامہ احمد رضا نے قرآن وحدیث کی روشنی میں اولیاء اللہ کی شان بیان کی اور حضور غوث پاک شیخ عبدالقادرجیلانی رحمۃ اللہ علیہ کی تعلیمات اور سیرت بیان کی۔ آپ نے اولیاء کرام سے تعلق پر زور دیا اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے تحقیقی اور تجدیدی کام کا تعارف پیش کیا۔ پروگرام کے اختتام پر درود وسلام پڑھاگیا جس کے بعد علامہ احمد رضا نے دعا کرائی، اس کے بعد لنگر غوثیہ سے حاضرین کی تواضع کی گئی۔ محفل میں منہاج القرآن برگامو کی نئی تنظیم کی حلف بردار ی کی تقریب بھی منعقد ہوئی۔

رپورٹ:حسنین سلیم منچلا

تبصرہ

Top