منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن اٹلی کے زیر اہتمام زلزلہ سے متاثرہ افراد کے لئے منہاج خیمہ بستی کا قیام

مورخہ: 02 جون 2012ء

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن اٹلی کے پلیٹ فارم سے گذشتہ دنوں اٹلی کے شہر کارپی میں آنے والے شدید زلزلہ اور اس سے متاثر ہونے والے خاندانوں کے لئے منہاج خیمہ بستی قائم کی گئی جس میں چار سو افراد کی رہائش کا انتظام کیا گیا۔

20 مئی 2012ء کو اٹلی کے ضلع مودنہ اور فرارا میں 5.9 اور6.0 زلزلہ آیا جس میں سات لوگ ہلاک اور 250 زخمی ہوئے جبکہ 4000 افرادبے گھر ہوگئے۔ان دونوں اضلاع میں منہاج القرآن ساؤتھ اٹلی کی علاقائی تنظیمات چیتو اور کارپی موجود ہیں، بلکہ اٹلی میں منہاج القرآن کا سب سے بڑا مرکز بھی کارپی میں ہی ہے۔ منہاج القرآن کے رفقاء، کارکنان اور وابستگان تقریبا تین دن تک گھروں سے باہرگاڑیوں، سپورٹس سنٹرز اور عارضی کیمپوں میں رہائش پذیر رہے اس دوران کارپی مرکزکو بھی نقصان پہنچا۔ ابھی ان دو ضلعوں کی آبادی بشمول غیر ملکی کمیونٹیز اس پریشانی سے سنبھل نہیں پائی تھیں کہ 29 مئی2012ء کو دوبارہ زلزلہ آیا جو پہلے کی طرح ریکٹر سکیل پر زیادہ تھا جس میں مزید 24 افراد ہلاک ہوئے اور 340 زخمی اور15000بے گھر ہوگئے۔ بے گھر ہونے والوں میں دیگر کمیونٹیز کے علاوہ پاکستانیوں کی بڑی تعداد شامل تھی جس میں کم وبیش منہاج القرآن کی 100 فیملیز اور لاتعداد کارکنا ن بھی شامل تھے۔

اس آفت کے وقت اور پریشانی کے عالم میں منہاج القرآن کی علاقائی تنظیم ریجوایملیا مودنہ نے مرکزی تنظیم کی مشاورت و معاونت سے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام نہ صرف اپنے لوگوں کی امداد کے انتظام و انصرام کئے بلکہ اس کو دیگر افراد تک پہنچانے کا بھی منصوبہ بنایا۔ مرکزی تنظیم کے صدر و ناظم نے دیگر علاقائی تنظیموں سے رابطہ کیا اور اس منصوبہ میں معاونت کی اپیل کی، آریزو، میچراتا، بلزانو اور میلان (نارتھ اٹلی) کی علاقائی تنظیموں نے جہاں منہاج خیمہ بستی کے حوالہ سے بھر پور مدد کی وہاں اپنے ہاں فیملیز کو بھی شفٹ کرنے کی آفر کی۔ زلزلہ سے پیدا ہونے والی ہنگامی صورتحال کے پیش نظر اٹلی کی جملہ تنظیمات کا ہنگامی اجلاس طلب کیا اور باہمی مشاورت کے بعد خیمہ بستی کے قیام کا فیصلہ کیاگیا۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل اٹلی اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تعاون سے قائم کی گئی اس خیمہ بستی میں اٹالین، گھانا، روس، تیونس، مراکش، نائجیریا، الجزائر، انڈین اور پاکستانی متاثرہ فیملیز کو ٹھرایا گیا تاکہ بچوں اورعورتوں کے ذہنوں سے زلزلہ کی ہولناک یادوں کو نکالا جاسکے اور انہیں پر سکون رہائش مہیا کی جاسکے۔ منہاج خیمہ بستی کا قیام منہاج القرآن کلچرل سنٹر کے قریب کیا گیا۔ منہاج خیمہ بستی کے قیام کے بعد مسلم کمیونٹی کے علاوہ اٹالین گورنمنٹ اور آفیشلز نے بھی منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے اس اقدام کو سراہا۔ ریڈ کراس کارپی کی ڈائریکٹر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ خیمہ بستی کا دورہ کیااور ہر خیمہ میں جاکر وہاں مقیم فیملیز سے سہولیات کے بارے میں دریافت کیا اور منہاج خیمہ بستی کو ایک خوبصورت شہر کا نام دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس شہر میں اس سے خوبصورت کوئی بھی خیمہ بستی نہیں ہے۔

پاکستانی قونصلیٹ میلان کے ویلفیئر اتاشی کے کونسلر فاروق حید ر نے بھی منہاج خیمہ بستی کا دورہ کیا اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی جانب سے مہیا کی جانے والی سہولیات پر ستائش کا اظہار کیا اور مبارکباد پیش کی۔انہوں نے کہا کہ بے شک منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن رفاہ عامہ کے لئے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کا ر لارہی ہے اور مجھے یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ منہاج خیمہ بستی میں صرف مسلمان یا پاکستانی ہی نہیں بلکہ ہر مذہب، رنگ اور نسل سے تعلق رکھنے والے بھی مقیم ہیں اور یہ خدمت انسانیت کی اعلیٰ مثال ہے۔

دریں اثناء انٹرنیشنل میڈیا کے نمائندوں نے بھی منہاج خیمہ بستی کا دورہ کیا اور بستی میں مقیم خاندانوں سے انٹرویو کیا اور ان سے بستی میں دی جانے والی سہولیات کے بارے میں پوچھا۔ میڈیا کے نمائندوں نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیش کی جانب سے دی جانے والی سہولیات اور منہاج خیمہ بستی کی تعریف کی اور مبارکباد بھی پیش کی۔اس موقع پر منہاج یورپین کونسل کا کردار مثالی رہا، یورپین کونسل کے صدر اعجاز احمد وڑائچ اور ناظم محمد بلال اوپل، امیر علامہ حسن میر قادری نے اٹلی کے صدر اقبال وڑائچ، ناظم ظہیر انجم کو فون کئے اور ان سے اس مشکل گھڑی میں اظہار ہمدردی کیا اور مقامی تنظیم ریجوایملیا مودنہ کے صدر حاجی اعجاز احمد، ناظم مختار قادری کی بھی حوصلہ افزائی کی۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن یورپ کے ڈائریکٹر علامہ حافظ محمد اقبال اعظم بھی مسلسل رابطہ میں رہے۔ملکی ناظم کے ذریعہ پاکستان ایمبیسی کی سفیر تہمینہ جنجوعہ، کونسلر جنرل طارق ضمیر، ویلفیئر کونسلرفاروق حیدر، ریڈ کراس کے نمائندوں اور بلدیہ کے ذمہ داران بھی گاہے بگاہے منہاج خیمہ بستی کا دورہ کرتے رہے۔

رپورٹ: وقاص ارشد بٹ، ظہیر انجم

تبصرہ

Top