اٹلی: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا پیغام خلق عظیم کانفرنس سے خطاب

مورخہ: 23 جون 2013ء

وہ خلق عظیم جس نے جان کے دشمنوں کو جانثار بنا دیا، وہ خلق عظیم جس کی وجہ سے ہزاروں کفار حلقہ بگوش اسلام ہوگئے، وہ خلق عظیم جو کملی والے آقا کی صفت عظیم ہے، وہ خلق عظیم جس نے فارس کے مسلمانوں کو صوفیوں کا سردار بنا دیا، وہ خلق عظیم جس نے حبشہ کے بلال کو موذنین کا امام بنا دیا، وہ خلق عظیم جس نے انسانیت کا عَلم بلند فرما دیا، وہ خلق عظیم جس نے اہل مکہ کی جانیں خرید لیں، اسی خلق عظیم کو عوام الناس میں عام کرنے کے لیے منہاج القرآن انٹرنیشنل بریشیاء کے زیراہتمام 23 جون بروز اتوار پیغام خلق عظیم کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں مہمان خصوصی صدر سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری تھے۔

کانفرنس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت حاجی محمد الیاس نے حاصل کی۔ جس کے بعد نعت خواں حضرات نے آقا کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حضور ہدیہ عقیدت پیش کیا جن میں حسن بٹ، محمد ابوبکر، حسنین سلیم منچلا، عبدالقادر، منہاج نعت کونسل پریوالے راجہ جہانزیب مٹھو اور اویس برادران شامل تھے۔نقابت کے فرائض وقار احمد قادری ڈائریکٹر منہاج القرآن بریشیاء نے ادا کیئے۔مہمان گرامی میں خصوصی طور پرحاجی ارشد جاوید، محمد اقبال وڑائچ،سید غلام مصطفی مشہدی، چن نصیب،حاجی اشرف، سید ارشد شاہ صاحب اور بریشیاء کی تمام سیا سی اور مذہبی تنظیمات اور عوام الناس کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ہال میں بچوں نے ڈاکٹرحسن محی الدین قادری کو پھول پیش کئے اور سینکڑوں لوگوں نے آپ کا نعروں سے استقبال کیا۔وقار احمد قادری نے استقبالیہ کلمات کے بعد آپ کو خصوصی خطاب کی دعوت دی۔

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے قرآن مجید کے پارہ 30 کی سورہ الانشقاق کی آیت نمبر 16 تا 19 کی تفسیر کرتے ہوئے بڑے خوبصورت انداز میں آقا دو جہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فلسفہ معراج و خلق عظیم کو بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے غیر مسلموں کے ساتھ بھی حسن سلوک کا حکم دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج کے اس دور میں آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اخلاق حسنہ کو پھر سے اپنے کردار کا حصہ بنانے کی ضرورت ہے۔

خطاب کے بعد آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں سلام کا نذرانہ پیش کیا گیا۔ ڈاکٹرحسن محی الدین قادری صاحب نے خصوصی دعا کی۔ لنگر سے حاضرین کی تواضع بھی کی گئی۔

رپورٹ:حسنین سلیم منچلا

تبصرہ

Top