کارپی: حضورﷺ نے انسانیت کو انسانی حقوق کا شعور دیا: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا ’’رحمۃ للعالمین‘‘ کانفرنس سے خطاب

مورخہ: 27 مارچ 2022ء

minhaj ul quran

چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کارپی میں ’’رحمۃ للعالمین کانفرنس‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کائناتِ انسانی کے وہ عظیم رہبر ہیں، جنہوں نے انسانی حقوق کے حوالے سے ایک جامع چارٹرڈ پیش کیا۔ آقا علیہ السلام کا میثاق مدینہ کائناتِ انسانی کا پہلا امن معاہدہ تھا جو حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے کفار کے ساتھ کیا۔ یہ معاہدہ عالمی قیام امن کی عظیم مثال ہے۔ دنیا کے اس پہلے تحریری دستور میں آقا علیہ السلام نے یہود کے کلچر، ثقافت، مذہب اور سیاست سمیت دیگر شعبوں کو تحفظ دیا۔

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا کہنا تھا کہ اس دستور کے ذریعے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اہلِ ایمان اور مقامی باشندوں کے حقوق و فرائض کا تعین فرمایا۔ مہاجرین مکہ کی آباد کاری (Rehabilitation) اور ان کی معاشی بحالی کا انتظام فرمایا۔ شہر مدینہ کے غیر مسلموں اور خصوصا یہود سے معاہداتی تعلق استوار کر کے اپنے فروغ و نفوذ کے امکانات کو وسیع کرلیا۔ شہرِ مدینہ کے نظم و نسق و تحفظ کے لئے آئینی، سیاسی اور دفاع و عسکری اقدامات کرلئے۔ قریش مکہ کی طرف سے مسلمانوں کو پہنچنے والے ممکنہ خطرات سے تحفظ کے لیے اقدامات فرما لئے۔ میثاقِ مدینہ میں ریاست کے تمام طبقات کو آئنی شناخت دی۔

کانفرنس میں مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام، پاکستانی کمیونٹی کی مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور منہاج القرآن انٹرنیشنل اٹلی اور سٹی کارپی کے ذمہ داران و کارکنان، رفقاء و وابستگان کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

اس موقع پر علامہ غلام مصطفیٰ مشہدی، علامہ وقار احمد قادری، چوہدری اقبال وڑائچ، اعجاز یوسف اعوان، علامہ مختار احمد قادری، ڈاکٹر چن نصیب، میاں عمران الحق، اعجاز یوسف اعوان، محمد علی، سید جمیل شاہ یونان، فیض عالم قادری اور سرمد جاوید وڑائچ بھی موجود تھے۔ اس سے پہلے پروگرام میں نقابت کے فرائض حافظ محمد رئیس قمر ڈائریکٹر منہاج القرآن سنٹر کارپی نے ادا کئے، حافظ عدیل نے تلاوت قرآن مجید جبکہ حافظ محمد عثمان، حافظ بلال، برکات زیدی نے آقا کریم کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت پیش کیا۔

کانفرنس کے اختتام پر چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے منہاج القرآن کارپی کے تنظیمی ذمہ داران کو بہترین کارکردگی پر شیلڈز پیش کیں۔

minhaj ul quran

minhaj ul quran

minhaj ul quran

minhaj ul quran

minhaj ul quran

minhaj ul quran

minhaj ul quran

تبصرہ

Top